QR CodeQR Code

حماس و اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات عنقریب شروع ہو جائینگے، عرب میڈیا

20 Jun 2021 23:28

عرب روزنامہ الاخبار نے اس بات کیجانب اشارہ کرتے ہوئے کہ قیدیوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کیلئے تل ابیب سے ایک صیہونی وفد قاہرہ پہنچ گیا ہے، لکھا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کیلئے فلسطینی مزاحمتی محاذ اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا آغاز عنقریب ہی ہو جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی روزنامے الاخبار نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے اعلی سطحی سکیورٹی وفد کے قاہرہ پہنچ جانے کے بعد اب چند ہی دنوں میں قیدیوں کے تبادلے سے متعلق مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔ الاخبار کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی عسکری فورس کتائب الشہید عز الدین القسام کے قبضے میں موجود صیہونی قیدیوں کے اسرائیلی جیلوں میں موجود فلسطینی قیدیوں کے ساتھ تبادلے اور جنگ بندی کے استحکام کے حوالے سے ممکنہ مذاکرات کے لئے غاصب صیہونی رژیم کا ایک اعلی سطحی وفد، جس میں صیہونی قومی سکیورٹی کونسل کا چیئرمین نمرود شیفر بھی شامل ہے، گذشتہ روز ہی مصری دارالحکومت قاہرہ پہنچا ہے درحالیکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصری ثالثی پر ہونے والے ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے فلسطینی مزاحمتی محاذ کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کو قیدیوں کے تبادلے کے ساتھ جوڑنے کی اسرائیلی کوشش غیر قابل قبول ہے اور صیہونی رژیم کی عائد کردہ محدودیتوں کے خاتمے کے عزم سے میدان میں حاضر فلسطینی مزاحمتی محاذ، اس صیہونی شرط کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔ ذرائع نے الاخبار کو بتایا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ قیدیوں کے تبادلے کے مسئلے کو انتہائی دلجمعی کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے اور دوسرے مسائل میں قابض صیہونیوں کی جانب سے ڈالے جانے والے دباؤ کو کوئی اہمیت نہیں دے رہا جبکہ مصری ثالث بھی یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ فلسطینی مذاکرات کاروں کو کوئی جلدی نہیں اور جو کچھ ان کے لئے اہم ہے؛ وہ مزاحمتی محاذ کی فہرست میں موجود تمام قیدیوں کی آزادی ہے۔ الاخبار نے انکشاف کیا کہ مصری ثالثوں نے فلسطینی وفد کو بتایا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری مذاکرات میں قیدیوں کے سابقہ تبادلے میں طے پانے والی شق "وفاء الاحرار" پر بھی زور دے رہے ہیں جس کے مطابق آزاد شدہ فلسطینی قیدیوں کو غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے دوبارہ گرفتار نہیں کیا جا سکتا تاہم اسرائیل نے معاہدے پر دستخط کے بعد اس شق پر کبھی عملدرآمد نہیں کیا۔


خبر کا کوڈ: 939130

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939130/حماس-اسرائیل-کے-درمیان-قیدیوں-تبادلے-مذاکرات-عنقریب-شروع-ہو-جائینگے-عرب-میڈیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org