QR CodeQR Code

عراق، امریکی فوجی اڈے "عین الاسد" پر دسیوں راکٹوں کیساتھ حملہ

20 Jun 2021 23:54

مقامی میڈیا کیمطابق عراقی دارالحکومت بغداد سے 160 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع امریکی فوجی اڈے "عین الاسد" کو دسیوں کتیوشا میزائلوں کیساتھ نشانہ بنایا گیا ہے جسکے بعد عراقی سرزمین پر سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے و ایئر بیس میں متعدد زوردار دھماکے بھی سنے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ عراق میں موجود قابض امریکی فوج کے سب سے بڑے فوجی اڈے و ایئر بیس "عین الاسد" کو دسیوں راکٹوں کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد وہاں متعدد زوردار دھماکے بھی سنے گئے ہیں۔ عراقی مزاحمتی محاذ کے قریبی چینل "صابرین نیوز" کے مطابق آج دوپہر کے وقت قابض امریکی فوجی ایئربیس عین الاسد پر متعدد راکٹ آن گرے جس کے بعد امریکی لڑاکا طیاروں کی جانب سے علاقے پر مسلسل پروازیں کی جانے لگیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مقامی سکیورٹی کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی اڈے پر داغے گئے دسیوں راکٹوں میں سے 2 البغدادی نامی علاقے سے فائر کئے گئے تھے تاہم کسی مزاحمتی گروہ نے تاحال اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دوسری جانب عرب چینل الجزیرہ کا کہنا ہے کہ عین الاسد پر داغے جانے والے دسیوں راکٹ "کتیوشا" تھے جس کے باعث امریکی ایئربیس میں ممکنہ طور پر وسیع تباہی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ راکٹ حملے ایک ایسے وقت میں انجام پائے ہیں جب گذشتہ روز ہی عراقی میڈیا نے اعلان کیا تھا کہ قابض امریکی فوج کی جانب سے لڑاکا جیٹ و جاسوس ڈرون طیاروں کی حفاظت میں جنگی سازوسامان پر مشتمل ایک اہم فوجی قافلہ جنوبی شہر بصرہ سے عین الاسد لے جایا جا رہا ہے جو البغدادی کے مقام پر آ کر رک گیا ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکہ پراسرار طور پر عین الاسد میں اپنی موجودگی کو بڑھا اور مضبوط کر رہا ہے جبکہ ملک کے مغربی علاقوں کی سکیورٹی کمانڈ بھی اس اہم امریکی کارروان کی نقل و حرکت سے بے خبر ہے۔ یاد رہے کہ عراقی سرزمین پر قابض امریکی فوج کا یہ سب سے بڑا فوجی اڈہ و ایئر بیس، دارالحکومت بغداد کے مغرب میں 160 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جہاں اب امریکیوں کی جانب سے انواع و اقسام کے ہوائی دفاعی سسٹمز بھی نصب کئے جا چکے ہیں جبکہ سال 2020ء کی ابتداء میں امریکہ کی جانب سے ایرانی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور رفقاء سمیت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے پر ایران کی جانب سے اس فوجی اڈے کو 16 بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ابتدائی طور پر کم از کم 80 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھی۔


خبر کا کوڈ: 939133

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939133/عراق-امریکی-فوجی-اڈے-عین-الاسد-پر-دسیوں-راکٹوں-کیساتھ-حملہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org