0
Monday 21 Jun 2021 19:51

آئی ایم ایف سے جان چھڑائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، جماعت اسلامی

آئی ایم ایف سے جان چھڑائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے جان چھڑائے بغیر ملک ترقی اور عوام کوئی سکھ کا سانس نہیں لے سکتے، اس شدید گرمی کے موسم میں بھی 18 گھنٹے تک بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سندھ کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور ملک میں زیرو لوڈشیڈنگ کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب خیرپور میں استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں صدر پریس کلب نے صوبائی امیر کا استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کیا اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ نیا بجٹ دھوکہ ہے، آٹا چینی دودھ سمیت کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی لگا کر عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے، عوام کے نام پر اقتدار میں آنے والے حکمران نت نئے ٹیکس لگا کر سب سے زیادہ عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ میں ڈاکو راج سے لیکر مہنگائی بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ تک یہ سب کچھ نااہل و بددیانت لوگوں کو منتخب کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، میڈیا ملک کا اہم اور چوتھا ستون اور پریس کلب مظلوم عوام کی آواز ہوتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی امیر نے صدر پریس کلب و دیگر عہدیداران کو تفہیم القرآن کا سندھی ترجمہ کا ہدیہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا، ضلعی امیر مولانا ثناءاللہ منصوری، قیم عبدالقدیر مہیسر اور الخدمت کے ضلعی صدر حسن طارق شمسی سمیت دیگر مقامی ذمہ داران بھی ساتھ موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 939291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش