QR CodeQR Code

مودی حکومت کیجانب سے کورونا متاثرین کو مالی مدد فراہم کرنے سے انکار پر راہل گاندھی برہم

21 Jun 2021 22:29

کانگریس لیڈر نے کہا کہ کورونا متاثرین کے علاج کیلئے سہولیات کی شدید قلت ہے، جسکی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کے روز حکومت کی جانب سے کورونا متاثرین کے لواحقین کو چار لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے سے انکار پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت وباء کی شروعات سے ہی عوام کے تئیں بہیمانہ رویہ اپنا رہی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کورونا متاثرین کے علاج کے لئے سہولیات کی شدید قلت ہے، جسکی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاکھوں افراد علاج کے فقدان کے سبب کورونا کی وجہ سے فوت ہوگئے اور دوسری طرف حکومت مرنے والوں کی تعداد کے حوالے سے جھوٹے اعداد و شمار دے کر اپنی بہیمیت کا ثبوت پیش کررہی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ زندگی کی قیمت لگانا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی معاوضہ صرف ایک چھوٹی سی امداد ہوتی ہے لیکن مودی حکومت ایسا کرنے کے لئے بھی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان لیوا اور ہلاکت خیز کووڈ کی وبا میں پہلے علاج کی کمی، پھر جھوٹے اعداد و شمار اور سب سے بڑھ کر مودی حکومت کا بہیمانہ رویہ قابل افسوس ہے۔


خبر کا کوڈ: 939309

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939309/مودی-حکومت-کیجانب-سے-کورونا-متاثرین-کو-مالی-مدد-فراہم-کرنے-انکار-پر-راہل-گاندھی-برہم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org