0
Monday 21 Jun 2021 23:00

خجراب بارڈر کی بندش کا معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھائوں گا، شیخ رشید

خجراب بارڈر کی بندش کا معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھائوں گا، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احند نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاک چائنا خنجراب بارڈر کی بندش کا معاملہ وفاقی کابینہ میں ااٹھایا جائے گا جبکہ اس معاملے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی سفیر سے بھی بات کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان کے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق رکن اسمبلی جاوید حسین کی قیادت میں گلگت بلتستان کے تاجروں کا تیرہ رکنی وفد نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی اور پاک چین بارڈر کی بندش کا معاملہ اٹھایا۔ وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ جب سے کرونا آیا ہے تب سے پاک چین سرحد بند ہے، جی بی کے تاجروں کے اربوں کے سامان چین میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ دو طرفہ تجارت بند ہونے سے جی بی کے تاجروں کے ساتھ تجارت سے منسلک ہزاروں لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں۔ وفد نے بتایا کہ جی بی کی اکانومی کا اہم ترین زریعہ پاک چین تجارت ہے۔ یہ تجارت بھی بند ہونے سے تاجروں اور مزدوروں کا دیوالیہ نکل چکا ہے۔

تاجروں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ یکم جون کو چین کی جانب سے یکطرفہ تجارت کیلئے سرحد کھولنے کا اعلان کیا گیا لیکن اپنے ہی اعلان پر چین عمل کرنے سے مکر گیا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھائیں اور یکم جولائی سے سرحد تجارت کیلئے کھلوانے کیلئے کردار ادا کریں تاکہ گلگت بلتستان کے ساتھ ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہے۔ تاجروں کے مطالبے پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے یقین دہانی کرائی کہ یہ معاملہ بہت ہی اہم ہے کیونکہ اس کا تعلق لوگوں کے روزگار سے ہے۔ اس معاملے کو وفاقی کابینہ میں اٹھایا جائے گا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی بات کی جائے گی۔ شیخ رشید نے تاجروں کو بتایا کہ ان کی چینی سفیر کے ساتھ ملاقات طے ہے، اس ملاقات میں تاجر بھی شریک ہوں تاکہ وہاں پاکستانی تاجروں کی تشویش اور خدشات و مطالبات کو چینی سفیرکے سامنے احسن طریقے سے اٹھایا جا سکے۔ 
خبر کا کوڈ : 939316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش