QR CodeQR Code

اگلے ماہ نیا تعلیمی سال، سندھ میں درسی کتب کی چھپائی کا کام تفویض نہیں کیا گیا

22 Jun 2021 12:12

کراچی سمیت سندھ بھر کے نجی اسکولوں کے لاکھوں طلباء و طالبات کو اگست سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن 22-2021ء کیلئے درسی کتب دستیاب نہیں ہوں گی۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی غفلت و لاپرواہی کے سبب کراچی سمیت سندھ بھر کے نجی اسکولوں کے لاکھوں طلباء و طالبات کو اگست سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن 22-2021ء کیلئے درسی کتب دستیاب نہیں ہوں گی، کیونکہ یہ پہلی بار ہے کہ تعلیمی سال شروع ہونے میں صرف ایک ماہ اور چند روز باقی ہیں۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ اب تک مارکیٹ کیلئے درسی کتب کی “ایلوکیشن” ہی نہیں کرسکا ہے اور پبلشرز کو مارکیٹ کیلئے درسی کتب کی چھپائی کا کام ہی تفویض نہیں کیا گیا ہے، جبکہ مارکیٹ کیلئے درسی کتب کی چھپائی کے کام کی تفویض کے بعد بھی کتابوں کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ میں 12 ہزار سے زائد صرف رجسٹرڈ نجی اسکول ہیں، جبکہ غیر رجسٹرڈ نجی اسکول اس کے علاوہ ہیں، ان اسکولوں میں اکثریت نویں اور دسویں جماعتوں میں اپنے طلبہ کو سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا نصاب ہی پڑھاتی ہے، جبکہ کئی ہزار نجی اسکول پہلی سے آٹھویں جماعت تک بھی سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا نصاب ہی پڑھاتی ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ موجودہ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو اب سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین کا چارج چھوڑ چکے ہیں اور بورڈ کے نئے چیئرمین پرویز احمد بلوچ ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ نئے چیئرمین نے اب تک اس معاملے پر غور و خوص ہی شروع نہیں کیا ہے کہ مارکیٹ میں کتابوں کی فراہمی اور اس سے قبل اس کی چھپائی کی کیا حکمت عملی ہوگی، جبکہ سرکاری اسکولوں میں مفت تقسیم کی جانے والی درسی کتب کی چھپائی کا کام موجودہ چیئرمین کی تقرری سے قبل ہی کرلیا گیا تھا۔ اس وقت اردو بازار کراچی میں پہلی سے دسویں جماعتوں کہ درسی کتب کی پہلے ہی شدید قلت ہے، جبکہ نئے تعلیمی سیشن شروع ہوتے ہی جب طلبہ اور ان کے والدین بازار کا رخ کریں گے، تو انہیں درسی کتب بروقت میسر نہیں آئیں گے اور نجی اسکولوں میں تعلیمی سیشن 22-2021ء کتابوں کے بغیر ہی شروع ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 939413

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939413/اگلے-ماہ-نیا-تعلیمی-سال-سندھ-میں-درسی-کتب-کی-چھپائی-کا-کام-تفویض-نہیں-کیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org