0
Tuesday 22 Jun 2021 14:34

کالعدم تحریک لبیک کے 12 کارکنوں کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج، 2 گرفتار، 10 فرار

کالعدم تحریک لبیک کے 12 کارکنوں کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج، 2 گرفتار، 10 فرار
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 12 کارکنوں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 12 کارکنوں کی عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بناء پر خارج کر دیں۔ درخواستیں خارج ہونے پر کالعدم تحریک لبیک کے 2 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی 10 کارکن فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس سید شہباز علی رضوی پر مشتمل بنچ نے شہزاد وغیرہ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ پولیس نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے پُرتشدد احتجاج میں شامل ہونے کے الزام میں مذکورہ 12 کارکنوں کو نامزد کر رکھا تھا۔
 
درخواستگزاروں کے وکیل سید فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ملزموں کا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں، سیاسی بنیادوں پر درج مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ وکیل سید فرہاد علی شاہ نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ملزموں کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمان شہزاد احمد، شہباز احمد، چودھری محمد علی، محمد سلیم، قاری عمران کی سی ڈی آر جائے وقوعہ سے میچ کرتی ہے، غلام مصطفی نظامی، عمران شکیل، شیخ وقاص سی ڈی آر کے مطابق جائے وقوعہ پر پائے گئے، ملزمان کے پاس بلٹ پروف جیکٹس اور ہینڈ گرینڈ تھے، جو برآمد کرنے ہیں، لہذا ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔
 
سرکاری وکیل کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کے وکیل سید فرہاد علی شاہ نے کہا کہ وہ اپنی درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں، جس پر عدالت نے درخواستیں خارج کر دی۔ درخواستیں خارج ہونے پر ملزمان کمرہ عدالت سے فرار ہو گئے، پولیس اہلکاروں نے تعاقب کرکے 2 کارکنوں کو دبوچ لیا جبکہ 10 کارکن موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونیوالے ملزمان کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق ملزمان پرتشدد مظاہروں میں شریک تھے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 939439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش