QR CodeQR Code

اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں، فواد چوہدری

22 Jun 2021 14:44

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دو سال میں سولہ سے سترہ سو ارب روپے سندھ کو صرف این ایف سی میں سے دیے گئے، گرانٹس کی مد میں علیحدہ رقم دی گئی لیکن سندھ حکومت نے کیا کیا، یہ پیسہ لندن، کینیڈا، امریکا، پیرس اور دبئی چلا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ابھی سے دھاندلی کا واویلا کررہی ہے کیوں کہ انہیں پتا ہے کہ اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 1947ء سے 2008ء تک پاکستان نے 6 ہزار ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ لیا، اس چھ ہزار ارب روپے سے ہم نے دنیا کی پانچویں بڑی فوج بنالی، اسلام آباد کا شہر بنایا، موٹر ویز بنائیں، نیوی بیسز بنائیں اور گوادر بنایا لیکن 2008ء سے 2018ء تک 26 ہزار ارب روپے کے قرضے ہوگئے، اب دو ہزار ارب روپے سالانہ صرف سود کیلئے دیے جاتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے قرضے لے کر پاور پلانٹ لگائے، ساہیوال میں کوئلے کا پلانٹ لگایا جہاں کوئلہ ہی نہیں ہوتا، علاقہ کو شدید ماحولیاتی خطرات لاحق ہیں اور ان کی وجہ سے ہمیں آئی پی پیز کو نو سو ارب روپے کی سالانہ ادائیگی کرنا پڑتی ہے جبکہ 2023ء میں ہمیں بجلی گھروں کو پندرہ سو ارب روپے ادا کرنا ہیں، اس وقت 30 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت ہے لیکن چوبیس ہزار میگاواٹ سے زیادہ ترسیل نہیں کر سکتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دو سال میں سولہ سے سترہ سو ارب روپے سندھ کو صرف این ایف سی میں سے دیے گئے، گرانٹس کی مد میں علیحدہ رقم دی گئی لیکن سندھ حکومت نے کیا کیا، یہ پیسہ لندن، کینیڈا، امریکا، پیرس اور دبئی چلا گیا، دو خاندان ہیں ایک یہاں سے اور ایک سندھ سے پیسہ باہر بھیجتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی کوئی لیڈرشپ نہیں، یہ بکھرا ہوا ایک گروہ ہے، اپوزیشن ابھی سے واویلا کر رہی ہے کہ اگلے الیکشن میں دھاندلی ہوگی، انہیں پتا ہے کہ اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں، ہم انتخابی مسائل کے حل کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانا چاہتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 939448

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939448/اگلے-پانچ-سال-بھی-عمران-خان-کے-ہیں-فواد-چوہدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org