QR CodeQR Code

گپکار الائینس کا نئی دہلی میں کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کا فیصلہ

22 Jun 2021 18:52

گپکار الائنس کے ترجمان یوسف تاریگامی کا کہنا تھا کہ ہم مل کر عوامی خواہشات کی نمائندگی کریں گے اور اُسکا مطالبہ کریں گے جو ہمارا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی وکالت کرنے والے گپکار الائنس نامی مین اسٹریم سیاسی پارٹیوں کے اتحاد نے منگل کو فیصلہ کیا کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کرے  گا۔ یہ اہم فیصلہ الائنس کی ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا جو اتحاد کے سربراہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائشگاہ پر منعقد ہوئی اور جس میں الائنس کے سبھی نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران نئی دہلی کی طرف سے ملنے والی دعوت پر مفصل غور کرکے فیصلہ لیا گیا کہ الائنس کے لیڈران کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہوکر اپنا مطالبہ پیش کریں گے۔

میٹنگ کے اختتام پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ جن لیڈروں کو کل جماعتی میٹنگ میں شمولیت کی دعوت ملی ہے وہ سب اس میں شامل ہونگے۔ گپکار الائنس کے ترجمان یوسف تاریگامی کا کہنا تھا کہ ہم مل کر عوامی خواہشات کی نمائندگی کریں گے اور اُس کا مطالبہ کریں گے جو ہمارا تھا۔ اس موقع پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ کل جماعتی میٹنگ کے دوران قیدیوں کی رہائی اوراُن کی سرینگر منتقلی پر بھی زور دیا جائے گا۔ گپکار الائنس کے ایک اور لیڈر مظفر شاہ کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 اور دفعہ 35A کو لیکر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گپکار الائنس نامی فورم کا قیام گذشتہ برس عمل میں لایا گیا تھا جس کا مطالبہ ہے کہ جموں کشمیر کی خصوصی آئینی پوزیشن بحال کی جائے۔ یاد رہے کہ نریندر مودی کی سربراہی میں جموں کشمیر سے متعلق کل جماعتی میٹنگ 24 جون کو نئی دہلی میں طے ہے اور اس میں کشمیر کے 14 مین اسٹریم سیاسی لیڈران کو شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 939466

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939466/گپکار-الائینس-کا-نئی-دہلی-میں-کل-جماعتی-میٹنگ-شرکت-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org