QR CodeQR Code

اورنگی و گجر نالہ متاثرین کی داد رسی کے بجائے پولیس تشدد شرمناک ہے، حافظ نعیم الرحمان

22 Jun 2021 21:52

ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے ساتھ اُن عناصر اور متعلقہ ذمہ داران کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور جن کی سرپرستی اور ملی بھگت سے یہ تجاوزات قائم ہوئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے بلاول ہاؤس جانے والے اورنگی نالے اور گجر نالے کے متاثرین پر پولیس تشدد، لاٹھی چارج  اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی داد رسی کرنے اور مسائل حل کرنے کے بجائے ان پر تشدد انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے، متاثرین اپنے مسائل کے حل اور انصاف کے حصول کے لئے حکمرانوں کے پاس نہیں جائیں تو اور کہاں جائیں؟ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے جماعت اسلامی نسلہ ٹاور، الہٰ دین پارک، اورنگی و گجر نالے سمیت تمام متاثرین کے ساتھ ہے اور ہمارا واضح اور دوٹوک مؤقف ہے کہ کسی بھی رہائشی یا تجارتی و کاروباری متاثرین کو معاوضہ اور متبادل دیئے بغیر ہرگز بےدخل نہ کیا جائے، روزگار اور رہائش سے محروم کرنا بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے ساتھ اُن عناصر اور متعلقہ ذمہ داران کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور جن کی سرپرستی اور ملی بھگت سے یہ تجاوزات قائم ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ساری تعمیرات اور تجاوزات ایک دن میں اچانک نہیں ہوگئیں بلکہ عرصہ دراز سے شہر قائد میں یہ عمل جاری ہے جس میں سندھ حکومت، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ان کے متعلقہ ادارے اور اتھارٹیز برابر کی شریک ہیں، جن لوگوں کے پاس لیز اور دیگر دستاویزات موجود ہیں تو وہ ان حکومتی محکموں نے ہی ان کو دیئے ہیں، اس لئے جن لوگوں نے اپنی جمع پونجی لگائی ہے اور جو برسوں سے رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں اور کاروبار کر رہے ہیں ان کو یکدم بے دخل کردینا آئین و قانون اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف عدالتی احکامات پر کافی دنوں سے کارروائیاں جاری ہیں لیکن اس دوران کسی ایک جگہ بھی ان تجاوزات کے قیام میں ملوث عناصر اور ذمہ داران کو نہ سامنے لایا گیا اور نہ ان میں سے کسی ایک کے خلاف بھی کوئی کارروائی کی گئی، اس لئے یہ یکطرفہ عمل کراچی کے باشندوں کے سراسر ظلم و انصافی ہے، اسے بند ہونا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 939499

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939499/اورنگی-گجر-نالہ-متاثرین-کی-رسی-کے-بجائے-پولیس-تشدد-شرمناک-ہے-حافظ-نعیم-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org