0
Wednesday 23 Jun 2021 18:38

لاہور دھماکہ، بلاول بھٹو اور شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات کی مذمت

لاہور دھماکہ، بلاول بھٹو اور شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے پر بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جوہر ٹاؤن لاہور میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت لاہور دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فی الفور طبی امداد فراہم کی جائے، پنجاب کے دارالحکومت میں قیام امن کی بگڑتی صورتحال لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پاس دہشتگردوں کو کھل کر دہشتگرد کہنے کی بھی ہمت نہیں، ان کے خلاف کارروائی کیسے کرے گی، لاہور جیسے پر امن شہر میں دھماکا ہونا تشویش ناک واقعہ ہے، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے، پنجاب کے دارالحکومت میں یہ واقعہ آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کب سے کہہ رہا ہوں کہ امن وامان کی بگڑتی صورتحال توجہ کا تقاضا کر رہی ہے، اہم قومی مسائل کو پس پشت ڈالنے سے کام نہیں چلے گا۔ سرد مہری اور معاملات ٹالنے کی قیمت ملک اور قوم کو ادا کرنا پڑ رہی ہے، لہو کی فصل پہلے ہی کاٹ چکے ہیں، اس عفریت کا دوبارہ زندہ ہونا نیک علامت نہیں ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ منظم انداز میں دہشتگردی کی نئی لہر بڑھ رہی ہے، حکومتی غیر سنجیدگی تشویشناک ہے، پاکستان کے دل لاہور کے پوش علاقے میں اس قسم کی کارروائی خوفناک پیغام ہے۔ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ خطے میں بدلتی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے، دہشتگرد اگر دوبارہ منظم ہوگئے تو پاکستان ایک نئی جنگ کی طرف جائیگا۔ پاکستان کے وزراء کی جانب سے دہشتگردوں کی وکالت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بار بار متنبہ کرچکے ہیں کہ دہشتگرد منظم ہو رہے ہیں لیکن حکومت غیرسنجیدہ ہے، آج بھی اگر نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20 نکات پر عمل کیا جائے تو دہشتگردی ختم ہو سکتی ہے۔ دھماکے کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔
خبر کا کوڈ : 939672
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش