0
Wednesday 23 Jun 2021 22:23

سندھ حکومت کے خلاف احتجاج، ایم کیو ایم کا 3 جولائی کو ریلی نکالنے کا اعلان

سندھ حکومت کے خلاف احتجاج، ایم کیو ایم کا 3 جولائی کو ریلی نکالنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ حکومت کے خلاف ملتوی ہونے والی ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں شہر کی صورت حال، صوبائی بجٹ اور سندھ حکومت کی کارکردگی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان نے اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف ملتوی ہونے والی ریلی 3 جولائی کو نکالنے کا اعلان کیا، جس کا آغاز حسن اسکوائر سے ہوگا جبکہ یہ کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوگی۔ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے تمام کارکنان کو احتجاجی ریلی کے حوالے سے تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت جاری کردیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ریلی میں سندھ حکومت کی گورننس اور متعصبانہ پالیسیوں کے حوالے سے وائٹ پیپر بھی جاری کیا جائے گا، کراچی میں بڑھتی جرائم کی وارداتوں، اسٹریٹ کرائمز، لاک ڈاؤن کے نام پر پولیس گردی، نوکریوں کی بندر بانٹ، وسائل پر قبضے، ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور احتجاج اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ احتجاجی ریلی میں ملک مخالف نعرے لگانے والوں اور سندھو دیش کے حامیوں کی آزادانہ سرگرمیوں پر بھی آواز بلند کی جائے گی۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے شہر بھر میں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منانے کا بھی فیصلہ کیا، اس حوالے سے یکم اگست سے ہی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 939701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش