QR CodeQR Code

ملتان، بجلی بندش کے خلاف گھنٹہ گھر چوک بند، میپکو آفس کے گھیراو کی دھمکی 

23 Jun 2021 22:46

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے میڈیسن مارکیٹ گھنٹہ گھر کی بجلی بند ہے جس کے باعث حساس ادویات اور ویکسینز شدید متاثر ہورہی ہیں جبکہ ان دنوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے یو پی ایس فریزر متاثر ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ ہول سیل میڈیسن مارکیٹ گھنٹہ گھر کی جانب سے مسلسل چار روز سے بجلی کی بندش کے خلاف گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی دھرنا، ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا، مظاہرے کی قیادت صدر کیمسٹ ایسوسی ایشن ملتان ڈویژن اختر بٹ، جنرل سیکرٹری ہول سیل میڈیسن مارکیٹ گھنٹہ گھرشیخ فیصل الرحمن نے کی، مظاہرین نے بجلی کی لگاتار چار دن سے عدم فراہمی اور سب ڈویژن آفس واپڈا کے نامناسب رویہ کے خلاف نعرے بازی کی اور اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد اختر بٹ، شیخ فیصل الرحمن نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے میڈیسن مارکیٹ گھنٹہ گھر کی بجلی بند ہے جس کے باعث حساس ادویات اور ویکسینز شدید متاثر ہورہی ہیں جبکہ ان دنوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے یو پی ایس فریزر متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ چار روز اذیت بھرے لمحات گزارے ہیں اور تاحال بارہا رابطہ کرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بڑی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کو بجلی کی عدم فراہمی سے جنوبی پنجاب بھر میں ادویات کی معیاری ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقہ سب ڈویژن آفس بارہا رابطہ کیا ایس ڈی او اور عملہ نے مناسب جواب نہ دیا بلکہ ایس ڈی او نے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ہنجاب کی سب سے بڑی میڈیسن مارکیٹ کو صرف ایک ٹرانسفارمر کام کر رہا ہے جو لوڈ منیج نہیں کرسکتا۔ انہوں نے میپکو چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کی بجلی بحال کی جائے اور لوڈ منیجمنٹ بہتر کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر واپڈا میپکو آفس کا گھیراو کریں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 939708

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939708/ملتان-بجلی-بندش-کے-خلاف-گھنٹہ-گھر-چوک-بند-میپکو-آفس-گھیراو-کی-دھمکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org