0
Thursday 24 Jun 2021 00:27

ملک بھر کے علما نے وفاقی و صوبائی وقف ایکٹس مسترد کر دیے، سراج الحق

ملک بھر کے علما نے وفاقی و صوبائی وقف ایکٹس مسترد کر دیے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے نظریاتی تشخص سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں، معیشت کی تباہی کے بعد دو قومی قومی نظریہ کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، ملک بھر کے علما نے وفاقی و صوبائی وقف ایکٹس مسترد کردیے۔ حکومت ایک طرف قومی نصاب کو سیکولرائز کر رہی ہے دوسری جانب مساجد و مدارس پر وار ہورہے ہیں۔ مدارس کے اساتذہ اور لاکھوں طلبہ محب وطن پاکستانی اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ علماءاسلامیان پاکستان کی رہنمائی کریں اور قوم کو گرداب سے نکالیں، ملک کی تقدیر کے وارث بنے بیٹھے دو فیصد اشرافیہ سے کوئی توقع نہیں۔ نصاب میں تبدیلی، وقف آرڈی نینس اور قانون تحفظ ختم نبوت کے خلاف سازشوں کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔ یونیورسٹی، کالجز اور مدارس کے طلبہ متحد ہو جائیں، قومی نصاب کی تیاری کے لیے دینی و نظریاتی اذہان کے حامل پروفیشنلزسے مدد لی جائے۔ قوم کا اجتماعی شعور کبھی بھی سیکولرازم اور مغربیت کو قبول نہیں کرے گا، قرآن کریم میں تحریف کرنے والے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ایسی قبیح حرکتیں کرنے والوں اور ان کے سرپرستوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ علما منبر و محراب کے وارث ہیں، اسلام کی سربلندی اور تحفظ ختم نبوت کے لیے جان و مال کی قربانی دینے سے ایک پل کے لیے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ اگر امت متحد ہو جائے اور فروعی اختلافات بھلا دے تو سازشیں خود بخود دم توڑ جائیں گی۔ کامل یقین سے کہتا ہوں کہ مسائل اسی وقت حل ہوں گے جب یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ ہو گا۔ قوم ظالموں اور منافقوں سے چھٹکارا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پنجاب بھر کے آئے ہوئے دینی مدارس کے مہتمم و منتظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے صدر جمعیت اتحاد العلماءپاکستان شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک نے بھی خطاب کیا اور اتحاد علما و اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم، مولانا اسماعیل خان، ڈاکٹر عطاءالرحمن، پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن، مولانا عبدالرزاق، مولانا ضیاءالرحمن، مولانا قاری محمد عثمان اور مولانا عبدالوحید اختر بھی شریک تھے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 939730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش