QR CodeQR Code

ویکسینیشن نہ کروانے والوں کیلئے اہم مقامات میں داخلے پر پابندی، نوٹیفیکیشن جاری

24 Jun 2021 15:34

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر، تفریحی مقامات، شاپنگ مالز، شادی ہالز اور پبلک ٹرانسپورٹس سمیت دیگر اہم مقامات پر ان افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، جنہوں نے کوویڈ نائنٹین کی ویکسین نہیں لگائی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے کوئٹہ میں کوویڈ ویکسینیشن کا سلسلہ تیز کرنے کے لئے مختلف اقدامات اٹھانے شروع کر دیئے ہیں اور تمام شہریوں کو یکم جولائی سے قبل ویکسین لگوانے کی ہدایت دی جا چکی ہے۔ اسی حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر (ر) اورنگزیب بادینی کی جانب سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق سرکاری دفاتر، تفریحی مقامات، شاپنگ مالز، شادی ہالز اور پبلک ٹرانسپورٹس سمیت دیگر اہم مقامات پر ان افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، جنہوں نے اب تک ویکسینیشن نہیں کروائی۔ تفصیلات کے مطابق ویکسینیشن نہ کروانے والے لوگوں پر مختلف پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔

نوٹیفیکیشن میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام الناس مستقبل میں مشکلات کا شکار نہیں ہونا چاہتی تو یکم جولائی سے قبل ویکسین لگوائے۔ جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی انہیں تفریحی مقامات پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ بینک، شاپنگ سینٹرز، مالز اور دیگر دکانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کے مالکان اور ملازمین خود بھی ویکسین لگوائیں اور کسٹمرز کا ویکسینیشن کارڈ چیک کئے بغیر انہیں داخل ہونے نہ دے۔ مزید معلومات کے مطابق ویکسین نہ لگوانے والوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، ٹھیک اسی طرح شادی ہالز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مہمانوں کا ویکسینیشن کارڈز چیک کریں۔


خبر کا کوڈ: 939846

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939846/ویکسینیشن-نہ-کروانے-والوں-کیلئے-اہم-مقامات-میں-داخلے-پر-پابندی-نوٹیفیکیشن-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org