0
Thursday 24 Jun 2021 19:15

جوہر ٹاون دھماکے میں استعمال ہونیوالی گاڑی کی تلاشی کی تصویر جاری 

جوہر ٹاون دھماکے میں استعمال ہونیوالی گاڑی کی تلاشی کی تصویر جاری 
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بڑی کامیابی مل گئی ہے، سانحہ کے ماسٹر مائنڈ پیٹریال ڈیوڈ نامی شخص کو ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اب حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی لاہور داخلے کی تصویر بھی سامنے آگئی ہے۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی موٹروے کے ذریعے لاہور میں صبح نو بج کر 40 منٹ پر بابو صابو سے داخل ہوئی، جہاں داخلے کے وقت پولیس اہلکار نے گاڑی کو مشکوک جانتے ہوئے روکا اور اس کی تلاشی بھی لی گئی جبکہ سامنے آنے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار گاڑی کے ڈرائیور کے ساتھ ہی کھڑا اور کچھ کاغذات کا جائزہ لے رہا ہے۔ سیکیورٹی اہلکار کی جانب سے بابو صابو انٹرچینج پر ڈرائیور کو گاڑی کی ڈگی کھولنے کا کہا گیا، جس پر اس نے حیلوں بہانوں سے کام لیا اور کہا کہ ڈگی خراب ہے۔

ڈرائیور جوہر ٹاون کی جانب چلا گیا اور راستے میں اس نے دو مقامات سے مطلوبہ ایڈریس کے بارے میں بھی پوچھا، سکیورٹی فورسز نے لاہور ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کی شناخت پیٹریال ڈیوڈ بتائی جا رہی ہے، جو کہ کچھ عرصہ سے گوجرانوالہ میں مقیم تھا، ملزم کچھ عرصہ قبل دبئی سے پاکستان آیا تھا، جہاں اس نے ابتداء میں اپنی رہائش کراچی میں رکھی۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی کار کو نیلی شلوار قمیض والے ڈرائیور نے جوہر ٹاون میں چھوڑا اور گاڑی چھوڑ کر پیدل فرار ہوگیا، مبینہ دہشت گرد نیلی شلوار قمیض میں ملبوس اور ماسک لگائے ہوئے تھا اور مولانا شوکت علی روڈ تک پیدل آیا۔
خبر کا کوڈ : 939869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش