0
Thursday 24 Jun 2021 22:49

شام پر عائد تمام یکطرفہ پابندیاں اٹھا لی جائیں، ایران

شام پر عائد تمام یکطرفہ پابندیاں اٹھا لی جائیں، ایران
اسلام ٹائمز۔ شام میں انسانی حقوق سے متعلق ریکارڈ کے بارے بدھ کے روز منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کے اجلاس سے خطاب میں اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر زہراء ارشادی نے تاکید کی ہے کہ نہ صرف گزشتہ 10 سال سے شامی عوام دہشتگردی کے خلاف جاری سخت لڑائی سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں بلکہ گذشتہ چند سالوں سے عائد یکطرفہ امریکی پابندیوں کے باعث شامی معیشت بھی نا گفتہ بہ صورتحال سے دوچار ہے جبکہ یہ پابندیاں، ضرورت مند شامی عوام تک انسانی بنیادوں پر ارسال کی جانے والی امداد پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہیں۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق زہراء ارشادی نے کہا کہ ایران، خود عشروں سے ظالمانہ پابندیوں کا شکار رہنے کے ناطے، شام کے خلاف غذائی مواد و دواؤں پر عائد یکطرفہ امریکی پابندیوں کی شدید مذمت کرتا اور ان پابندیوں کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی و غیر قانونی سمجھتا ہے جو صرف اور صرف شامی عوام کے رنج و الم میں اضافے، پناہ گزینوں کی واپسی میں تاخیر اور شام کی تعمیر نو میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا باعث ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شام پر عائد تمام یکطرفہ پابندیوں کا اٹھا لیا جانا؛ شامی انسانی بحران کے انسانی حقوق سے متعلق پہلوؤں کے حوالے سے جاری بحث مباحثے کا ایک اہم موضوع قرار پانا چاہئے تھا درحالیکہ موجودہ صورتحال میں مظلوم شامی عوام تک انسانی امداد کا پہنچایا جانا انتہائی ضروری ہے جبکہ اس امداد کی ترسیل، شامی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی وحدت کے اس اصول کے ساتھ بھی سازگار ہونا چاہئے جس پر شام سے متعلق سلامتی کونسل کی تمام منظور شدہ قراردادوں میں تاکید کی گئی ہے۔ زہراء ارشادی نے اپنے خطاب کے دوران، شام میں انسانی حقوق کی صورتحال کو سیاسی مسائل کے ساتھ جوڑے جانے پر ایک مرتبہ پھر شدید تنقید کرتے ہوئے تاکید کی کہ عالمی برادری کو چاہئے تھا کہ وہ ضرورت مند شامی عوام کے رنج و الم میں تیزی کے ساتھ کمی و پناہ گزینوں کی واپسی میں تیزی لانے اور اس ملک میں طولانی مدت کے استحکام کو فراہم کرنے والے انسانی امدادی اقدامات کی جانب اپنی تمام توجہ مرکوز کر دیتا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم، شامی بحران کے پرامن حل، شامی وحدت اور اس کی جغرافیائی سالمیت پر مبنی اپنے عہدوپیمان پر ایک مرتبہ پھر تاکید کرتے ہوئے شامی سرزمین پر ناجائز قبضے کے فوری خاتمے، شام سے تمام بن بلائی غیر ملکی افواج کی فوری عقب نشینی اور شام کے حصے بخرے کرنے اور اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی تمام مذموم کوششوں، بالخصوص اسرائیلی اقدامات کہ جن کی ایران شدید مذمت کرتا ہے، کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ زہراء ارشادی نے آخر میں اعلان کیا کہ ہم، ان عظیم چیلنجوں سے مقابلے کے لئے شامی حکومت و عوام کی حمایت جاری رکھیں گے جن کا اس وقت انہیں سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 939902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش