0
Friday 25 Jun 2021 12:40

تعلیمی عمل اب تسلسل کیساتھ جاری رکھنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے، محمد حسین محنتی

تعلیمی عمل اب تسلسل کیساتھ جاری رکھنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تعلیمی عمل اب تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے، اب مذید تعلیمی نقصان ناقابل تلافی ہوگا، جس کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں منعقدہ شعبہ تعلیم جماعت اسلامی سندھ کے اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں شعبہ تعلیم کے نائب ناظم انتصار غوری، ڈاکٹر نسیم صدیقی، ڈاکٹر خالد محمود اور سعید احمد صدیقی بھی شریک تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہم کورونا سے پہلے معیار تعلیم کی فکر میں تھے، لیکن اب کورونا کی آڑ میں رہی سہی کسر بھی پوری کر دی گئی، تعلیمی نقصان کسی بھی قوم کا سب سے بڑا اور سنگین نقصان ہوتا ہے، جس کا ریاستی ذمہ داران کو احساس کرنا چاہیے اور ان سارے اقدامات کا اہتمام کرنا چاہیے کہ جس کے نتیجے میں ہر حال میں تعلیمی عمل معیار کے ساتھ جاری رہے۔

شعبہ تعلیم سندھ کے ڈائریکٹر محمد عظیم صدیقی نے اپنے خطاب میں اس فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، جس کے مطابق تعلیمی بورڈ بچوں کو فیل ہونے کی صورت میں پاس کر دیں گے، یہ عمل اور فیصلے بچوں کے مستقبل کو تاریک کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کا بیرونی دنیا میں مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی تعلیم کے ایک وزیر کے بیان پر دنیا نے ہمارا مذاق بنایا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ڈگری ڈگری ہوتی ہے، جعلی ہے تو کیا ہوا اور آج یہ کہا جا رہا ہے کہ بچے فیل بھی ہوگئے، تو ہم پاس کر دیں گے، یہ پالیسی بیان ہمارے ہونہار بچوں کی توہین ہے، کیا باقی دنیا میں بھی یہی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی ترقی کیلئے لازم ہے کہ تعلیم کو اعلیٰ معیار کے ساتھ جاری رکھنے کے اقدامات ترجیحات اول میں ہونا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 939977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش