0
Friday 25 Jun 2021 15:37

کوئی طاقت حقیقت کی روشنی چھپانے پر قادر نہیں، حزب اللہ لبنان

کوئی طاقت حقیقت کی روشنی چھپانے پر قادر نہیں، حزب اللہ لبنان
اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان نے امریکہ کی جانب سے اسلامی مزاحمتی بلاک خاص طور پر ایران سے وابستہ ویب سائٹس کو ممنوعہ قرار دے کر بند کر دیے جانے کے عمل کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت حقیقت کی روشنی نہیں چھپا سکتی۔ یہ بات حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری تعلقات عامہ محمد عفیف نے کہی۔ حزب اللہ لبنان کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیانیے میں امریکہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے: "امریکی حکومت نے جو اقدام انجام دیا ہے وہ ایک جرم ہے اور واشنگٹن کی جانب سے آزادی اظہار کو کچلنے کی پالیسی پر گامزن ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔" محمد عفیف نے اس بیانیے میں مزید کہا: "امریکہ نے اپنے اس گھٹیا اقدام کے ذریعے ان مجرمانہ اقدامات کو فاش کر دیا ہے جو واشنگٹن اور اس کی اتحادی حکومتیں خطے کی مظلوم قوموں خاص طور پر فلسطین اور یمن میں مرتکب ہو رہی ہیں۔"
 
حزب اللہ لبنان کے بیانیے میں مزید کہا گیا ہے: "حزب اللہ لبنان اسلامی مزاحمت کی ویب سائٹس سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ یہ ویب سائٹس جس حقیقت کو واضح کر رہی ہیں اس کی روشنی دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھپا سکتی۔" محمد عفیف نے اسلامی مزاحمت سے وابستہ ویب سائٹس کی حمایت کیلئے جامع مہم چلانے کا مطالبہ بھی پیش کیا ہے۔ یاد رہے امریکی حکومت نے کچھ دن پہلے اسلامی مزاحمتی بلاک سے وابستہ متعدد ویب سائٹس کو ممنوعہ قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ان ویب سائٹس میں حزب اللہ عراق بریگیڈز کی ویب سائٹ، عراق کی المعلومہ ویب سائٹ، العالم نیوز چینل کی ویب سائٹ، یمن کی المسیرہ ویب سائٹ، بحرین کی اللولوء ویب سائٹ اور فلسطین الیوم اور الکوثر کی ویب سائٹس شامل ہیں۔
 
امریکہ کی وزارت انصاف نے گذشتہ برس سے اسلامی مزاحمتی گروہوں سے وابستہ ویب سائٹس ور سیٹلائٹ چینلز پر پابندی عائد کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد اسلامی مزاحمت کی آواز کو دبانا ہے۔ امریکہ کی وزارت انصاف نے ایک بیانیے کے ذریعے یہ دعوی کیا ہے کہ عدالتی حکم کی رو سے ایران سے وابستہ 33 ویب سائٹس اور چند دیگر ویب سائٹس پابندیوں کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے کے جرم میں ممنوعہ قرار دے گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 940001
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش