0
Friday 25 Jun 2021 22:29

صوبائی وزراء محکمہ تعلیم کو سیاسی اکھاڑے میں تبدیل نہ کریں، سعدیہ دانش

صوبائی وزراء محکمہ تعلیم کو سیاسی اکھاڑے میں تبدیل نہ کریں، سعدیہ دانش
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ صوبائی وزراء محکمہ تعلیم کو سیاسی اکھاڑے میں تبدیل نہ کریں۔ محکمہ تعلیم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا قوم کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہے۔ خصوصاً بلتستان ریجن میں سپیکر اور صوبائی وزراء کی جانب سے منظور نظر اساتذہ کی من پسند جگہوں پر تعیناتی اور سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں قابلِ تشویش ہیں۔ اپنے ایک بیان میں رکن اسمبلی کا کہنا تھا وزراء کی فراہم کردہ فہرستوں کے مطابق اساتذہ کے تبادلے کئے جا رہے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ نہیں روکا گیا تو عدالتی دروازہ کھٹکھٹانے سمیت عوامی احتجاج بھی ہو سکتا ہے۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان حکومتی اراکین کی جانب سے محکمہ تعلیم میں مداخلت کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور اس کے خلاف اسمبلی کے اندر بھی آواز بلند کریں گے۔

 رکن گلگت بلتستان اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں، ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور اپنی پسند کی بنیاد پر تعیناتیوں سے تعلیمی نظام درہم برہم ہو رہا ہے۔ قومی شعور کی بیداری کے لئے تعلیمی نظام کو سیاسی مداخلت سے پاک ہونا چاہئے۔ قوم کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ تبدیلی اور میرٹ کا نعرہ لگانے والوں کی حکومت کا آغاز ہی میرٹ کی پامالی سے ہوا ہے۔ اب یہ سلسلہ آگے بڑھتے ہوئے محکمہ تعلیم تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے والی تبدیلی سرکار کی جانب سے کوآرڈینیٹرز کی فوج بھرتی کرنے کا فیصلہ غریب عوام کے وسائل پر بوجھ ہے۔ حکومت نے نعرہ تو کفایت شعاری کا لگایا مگر شاہ خرچیوں کی انتہا کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 940055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش