QR CodeQR Code

ہمارے معاشرے کو منشیات کا زہر دیمک بن کر کھوکھلا کر رہا ہے، علامہ اسدی

26 Jun 2021 19:08

ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سکول کالج اور یونیورسٹیوں کے باہر منشیات فروشوں کے مضبوط نیٹ ورک ہمارے بچوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہیں، نشے کی لت میں دُھت نوجوان اپنے ساتھ ساتھ اپنے والدین، عزیز و اقربا سمیت اپنے دوستوں کیلئے بھی زلت و رسوائی کا سبب بنتے ہیں، زیادہ تر نوجوان والدین کی عدم توجہی کے باعث منشیات کے عادی ہو رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے انسدادِ منشیات کے عالمی دن پر لاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے کو منشیات کا زہر دیمک بن کر کھوکھلا کر رہا ہے، منشیات کے باعث جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے، سکول کالج اور یونیورسٹیوں کے باہر منشیات فروشوں کے مضبوط نیٹ ورک ہمارے بچوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہیں، نشے کی لت میں دُھت نوجوان اپنے ساتھ ساتھ اپنے والدین، عزیز و اقربا سمیت اپنے دوستوں کیلئے بھی زلت و رسوائی کا سبب بنتے ہیں، زیادہ تر نوجوان والدین کی عدم توجہی کے باعث منشیات کے عادی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بنائے گئے 20 سے زائد ادارے منشیات کی روک تھام کیلئے کام کر رہے ہیں۔

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ اینٹی نارکوٹکس اور دیگر اداروں کی فعالیت کے باوجود منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال میں دن بدن اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے. پنجاب میں کی گئیں سرکاری و نجی مختلف اداروں کی تحقیقات کے مطابق منشیات کے استعمال میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے، نوجوان نسل کو بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کرنیوالے منشیات فروشوں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہونے چاہئیں، یہ دہشتگردی ہی ہے کہ وطن کے معماروں اور مستقبل کے ستاروں کو ملک و قوم کی خدمت کرنے سے روکنے کیلئے ان کا کل آج ہی تباہ و برباد کر دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 940176

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/940176/ہمارے-معاشرے-کو-منشیات-کا-زہر-دیمک-بن-کر-کھوکھلا-رہا-ہے-علامہ-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org