0
Saturday 26 Jun 2021 18:48

شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کر دیا

شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی۔ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کر سکیں گے۔ صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان نشتوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں گی۔ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔ اسی سوچ کے تحت آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کیلئے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں، جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز کمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل کا فوری، منصفانہ اور جائز حل ہونا چاہئے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں کا قبضہ چھڑانے سمیت ان کے سرمایہ کے فروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اوور سیز کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہیں، پاکستان آنے جانے کے دوران ان کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ان مقاصد کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے، آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اور قدر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دورِ حکومت میں وفاق میں اوورسیز پاکستانیز فاو¿نڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں، صوبہ پنجاب میں اوورسیز کمیشن قائم کیا گیا جس کے ذریعے 36 اضلاع میں رول ماڈل پروگرام تشکیل دیا گیا، ان اقدامات کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مدد کو یقینی بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اوورسیز کمیونٹی کو ایوانِ اقتدار میں حقِ نمائندگی دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم بیرونِ ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 940202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش