QR CodeQR Code

پاک فوج اور ایف سی جوانوں کی شہادتیں پوری قوم کیلئے باعث فخر ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

27 Jun 2021 01:56

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان کا سبی حملہ میں ایف سی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم ان شہداء کی فیملیز کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں، بزدل دشمن دہشت گردی کے ذریعے صوبے کو غیر محفوظ بنانا چاہتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سبی کے علاقے سانگان میں 5 ایف سی جوانوں کی شہادت پر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے، پاک وطن کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج اور ایف سی کے بہادر جوانوں کی شہادت پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن کے باوفا بیٹے وطن کی مٹی پر قربان ہوئے، سانحے میں ملوث مجرموں کا تعاقب ضروری ہے۔ قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں قصاص کا نظام ہی امن و زندگی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کے فروغ کے لئے ہمارے سپاہیوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان شہداء کی فیملیز کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں، بزدل دشمن دہشت گردی کے ذریعے صوبے کو غیر محفوظ بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور قائدین کو اپنے اپنے نظریات اور سیاسی موقف رکھنے کا بھرپور حق حاصل ہے مگر وطن سے محبت اور پاکستان کی سالمیت اور بقا سیاسی مفادات سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے ہیں، ہم نے کبھی وطن دشمنوں سے ناطہ نہیں جوڑا، پاک وطن کی عزت و سربلندی اور بقاء کے لئے ہم ہر وقت جدوجہد اور قربانی کے لئے تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 940265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/940265/پاک-فوج-اور-ایف-سی-جوانوں-کی-شہادتیں-پوری-قوم-کیلئے-باعث-فخر-ہیں-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org