QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا سندھ یونیورسٹی میں فیسوں میں بیجا اضافے پر اظہار تشویش

27 Jun 2021 22:54

اپنے مذمتی بیان میں صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فیسوں میں اضافہ، یونیورسٹی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا نوٹس لیکر طلباء میں پھیلی ہوئی بے چینی کو ختم کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے سندھ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ظالمانہ فیصلہ واپس لیکر طلبہ کو ریلیف دیا جائے۔ اپنے مذمتی بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے پہلے ہی سندھ کی تعلیمی صورتحال تباہ ہے، تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر 2600 ارب کے پروجیکٹ کا کیا حشر کیا گیا، اس سے سندھ کا ہر باشعور شہری واقف ہے، اس کی نشاندہی گذشتہ دنوں اعلیٰ عدالت بھی کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، اس صورتحال میں سندھ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کمر توڑ اضافہ سراسر ظلم، تعلیم دشمنی اور غریبوں کی اولاد کیلئے تعلیم کے دورازے بند کرنے کے مترادف ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ پوری دنیا میں تعلیمی اداروں میں جدید سے جدید تر سہولیات اور شرح خواندگی بڑھانے کیلئے طلباء کو خصوصی رعایت دی جاتیں ہیں، مگر بدقسمتی سے یہاں صوبہ سندھ میں اس کے برعکس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ کرپشن کے چرچے ہیں، بھاری بھر کم فیس کے باوجود جامعات میں کھٹارا ٹرانسپورٹ، ہاسٹلز میں غیر معیاری کھانا اور پینے کے صاف پانی کی کمی کی شکایت عام ہے، طالبات عدم تحفظ کا مسئلہ اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ اور کیا ہو سکتا ہے کہ 5 روپے میں چھپوائے گئے فارم کے طلباء سے 50 روپے لئے جا رہے ہیں۔ صوبائی رہنماء نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فیسوں میں اضافہ، یونیورسٹی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا نوٹس لیکر طلباء میں پھیلی ہوئی بے چینی کو ختم کرے۔


خبر کا کوڈ: 940375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/940375/جماعت-اسلامی-کا-سندھ-یونیورسٹی-میں-فیسوں-بیجا-اضافے-پر-اظہار-تشویش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org