QR CodeQR Code

بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی

28 Jun 2021 09:01

لاہور میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تمام الہامی مذاہب کی تعلیمات سے امن و آشتی، رواداری اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے، آئین پاکستان کی روشنی میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کومسلم اتحاد کی طاقت سے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ اسلامی تعلیمات اخوت و بھائی چارے، تحمل و برداشت، الفت و محبت اور رواداری پر مبنی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، تمام الہامی مذاہب کی تعلیمات سے امن و آشتی، رواداری اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ آئین پاکستان کی روشنی میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ معاشرے میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوگا۔ اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو مسلم اتحاد کی طاقت سے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ اسلامی تعلیمات اخوت و بھائی چارے، تحمل و برداشت، الفت و محبت اور رواداری پر مبنی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ انسانیت کو ہر دوسرے شخص کے عقیدے، رنگ، نسل اور قومیت کا احترام کرنا ہوگا، تبھی یہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری، مساوات اور انسانیت کی بھلائی نوجوان علماء کا مشن ہونا چاہیے۔ علماء کو چاہیے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضے کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کی رہنمائی کریں۔
 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیراہتمام منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے بین المذاہب ہم آہنگی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے ڈاکٹر عمار خان ناصر، معروف دانشور یاسر پیرزادہ، طاہر عباس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ورکشاپ سے مختلف مسالک کے علماء کرام شریک ہوئے۔ یاسر پیر زادہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آ گے بڑھنے کیلئے تعصب سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے۔ معاشرے میں امن وسلامتی کیلئے ہمیں دوسروں کے معاملات میں انصاف پسند ہونا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 940418

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/940418/بین-المذاہب-ہم-آہنگی-کا-فروغ-وقت-کی-اہم-ضرورت-ہے-ڈاکٹر-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org