0
Monday 28 Jun 2021 23:45

وفاقی حکومت کو سندھ کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، ناصر شاہ

وفاقی حکومت کو سندھ کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، ناصر شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایک طرف پانی، گیس اور بجلی کی بندش کرکے عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، دوسری جانب وفاقی حکومت نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کے تحت سندھ کے اہم ترقیاتی منصوبے کئی سالوں سے التوا کا شکار ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ رینی کینال، گاج ڈیم، جامشورو -سیہون ہائی وے سمیت کئی اہم منصوبوں مکمل نہیں ہو رہے جوکہ سالوں سے التوا کا شکار ہیں، رینی کینال، تھر تک پانی پہنچانے کا اہم منصوبہ ہے، جس کو واپڈا نے ابھی تک سندھ حکومت یا محکمہ آبپاشی کے حوالے نہیں کیا، لگتا ہے رواں مالی سال میں بھی رینی کینال مکمل کرکے سندھ حکومت کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گاج ڈیم کا آغاز صدر آصف علی زرداری نے کیا تھا جوکہ 2016ء تک مکمل ہونا تھا لیکن ابھی تک گاج ڈیم پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کو سندھ کے منصوبوں میں کوئی دلچسپی نہیں، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعوی کرنے والوں نے سندھ کا پانی اور گیس بند کرکے ہزاروں کسانوں اور مزدوروں کو بے روزگار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامشورو سیہون ہائی وے کی تعمیر کے لئے سندھ حکومت نے 7 ارب روپے سے زائد رقم وفاق کو منتقل کی لیکن وفاقی حکومت نے ہڑپ کرلی، تین سال سے ہائی وے کا منصوبہ مکمل نہیں کیا جا رہا۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ خان صاحب! سندھ کے عوام نے آپ کو ووٹ نہیں دیا تو کیا ان سے انتقام لیا جا رہا ہے؟ انتقام لے کر سندھ کے عوام کے دل نہیں جیتے جا سکتے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام کے دل جیتنے کے لئے شہادتوں کے پل صراط سے گزرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کا اٹوٹ حصہ ہے، خدارا سندھ کے عوام سے زیادتیاں بند کریں۔
خبر کا کوڈ : 940584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش