0
Wednesday 30 Jun 2021 09:54

عقیدہ ریاست کی بنیاد بن جائے تو شہریت کا تصور ختم ہو جاتا ہے، یوتھ کانفرنس

عقیدہ ریاست کی بنیاد بن جائے تو شہریت کا تصور ختم ہو جاتا ہے، یوتھ کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ معروف تھنک ٹینک پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کے زیراہتمام لاہور میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے معاشرے میں مذہبی رواداری اور امن کیلئے آزادانہ اظہار رائے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ورکشاپ کا انعقاد  پاکستان میں تحقیق اور سلامتی پر کام کرنیوالے معروف تھنک ٹینک پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کے زیراہتمام  کیا گیا۔ ورکشاپ میں لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور قصور سمیت گرد و نواح کی جامعات کے 80 سے زائد طالبات اور طلبہ نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران معروف سکالرز، مفکرین، مصنفین، انتہا پسندانہ رحجانات کے ماہرین  اور صحافیوں نے گفتگو کی۔  ورکشاپ سے محمد عامر رانا، وجاہت مسعود، افتخار احمد، یعقوب بنگش، نجم الدین، ​​عمار خان ناصر، صاحبزادہ امانت رسول، یاسر پیرزادہ، سبوخ سید،  پیٹر جیکب، صفدر سیال، گل نوخیز اختر، حبیب اکرم، عون ساہی اور احمد علی نے گفتگو کی۔ معروف دانشور وجاہت مسعود نے کہا کہ ریاست نے عوام کو معیاری تعلیم اور صحت کی فراہمی کے اپنے بنیادی فرض کو ترک کر دیا ہے اور ان دو اہم شعبوں کو نجی صنعت میں چھوڑ دیا ہے۔ وجاہت مسعود نے کہا کہ اس کے نتیجے میں معیاری صحت اور تعلیم مراعات یافتہ طبقے کا استحقاق بن گیا ہے، جبکہ بڑے پیمانے پر آبادی کو ایک غیر فعال نظام کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

ورکشاپ کے ایک سیشن میں تنقیدی سوچ اور استدلال کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کالم نگار اور سماجی نقاد یاسر پیرزادہ کے مطابق نوجوانوں کو نظریات اور آراء کے تنوع کی تعریف کرنے کے قابل ہونے کیلئے تنقیدی سوچ اور استدلال کی مہارت جاننے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو فیصلہ کرنے سے پہلے حقائق کی روشنی میں دلائل کی پہچان، تجزیہ اور جائزہ لینے کے قابل ہونا چاہئے۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ امانت رسول نے پاکستانی معاشرے کی سماجی ثقافتی حرکیات پر روشنی ڈالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا۔

معروف اسکالر پیٹر جیکب کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو کوریج تب ملتی ہے جب ان کا کوئی شہری قتل ہو جاتا ہے، ان کے روز مرہ کے معاملات اور حالت زار کی پاکستان کی نیوز مارکیٹ میں کوئی جگہ نہیں۔ سکیورٹی کے تجزیہ کار محمد عامر رانا نے الگ الگ اجلاسوں میں شہریت اور بنیادی حقوق کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ معروف صحافی اور آئی بی سی اردو کے ایڈیٹر سبوخ سید نے کہا کہ پاکستان میں تنقیدی آوازوں اور حقوق کے نام پر تنظیموں کی گونج میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن مذہبی حساسیت یا قومی سلامتی کی بنیاد پر اٹھائے جانیوالے سوالات مسترد کر دیئے جاتے ہیں۔ سینئر صحافیوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری میں رپورٹنگ کی ترجیحات انسانی حقوق یا عوامی فلاح کے بجائے تجارتی مفادات کی بنیاد پر طے ہوتی ہیں۔

پسماندہ طبقات اور میڈیا کے کردار کے بارے میں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میڈیا ایک نئی اور بڑی صنعت ہے جہاں کسی خبر کی اہلیت کا تعین کمرشل نقطہ نظر سے کیا جاتا ہے۔ معروف اسلامی اسکالر علامہ ڈاکٹر عمار خان ناصر نے مذہبی تعلیمات کی روشنی میں عالمی، مقامی اور  بین المذاہب تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور رواداری کے پیغام کی وجہ سے پوری دنیا میں پھیلا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متنوع مذاہب اور ثقافتوں والا ملک ہے۔ جبری طور پر مسلمان بنانے اور مذہب تبدیل کرنے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے عمار خان ناصر نے کہا کہ اسلام میں کوئی جبر نہیں اور اسلام زبردستی عقیدے یا مذہب تبدیل کرنے سے منع کرتا ہے۔

سماجی محقق صفدر سیال نے کہا کہ پاکستان میں قوم پرستی کا تصور محدود اور عقیدہ پر مبنی ہے، جو عیسائیوں، ہندوؤں، سکھوں سمیت دیگر مذاہب سے وابستہ افراد کو قومی دھارے سے خارج کرنے کا رجحان رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رجحان کی جڑیں سیاسی تاریخ میں پیوست ہیں۔ تجزبہ کار اور صحافی افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان اپنے نوجوانوں میں ترقی پسند دانشورانہ زوال کا مشاہدہ کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ماضی میں سیاسی طور پر زیادہ واقف تھے اور ایسی طاقتور تحریکیں تشکیل دیں جو پالیسیوں پر سوال اٹھاتی تھیں اور حکومتوں کو ان کے اقدامات کا جوابدہ ٹھہراتی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 940693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش