0
Wednesday 30 Jun 2021 15:11

دین اسلام امن و سلامتی، محبت، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کا مذہب ہے، متحدہ مجلس علماء کشمیر

دین اسلام امن و سلامتی، محبت، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کا مذہب ہے، متحدہ مجلس علماء کشمیر
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس علماء کشمیر نے میڈیا کے کچھ حصوں میں ان دعوؤں کو مسترد کیا ہے کہ دو مقامی سکھ لڑکیوں کو زبردستی شادی کے لئے اسلام قبول کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ اس معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے متحدہ مجلس علماء کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق کی ہدایت پر سینئر رہنما آغا سید حسن کی سربراہی میں مولانا خورشید احمد قانونگو، مفتی غلام رسول سامون اور مولانا ایم ایس رحمن شمس اور دیگر کئی ارکان نے مقامی سکھ برادری کے ممبروں کے علاوہ شرومنی اکالی دل کے ممبروں سے بھی ملاقات کی تاکہ اس مسئلے کی اصل حقیقت سے واقفیت حاصل کی جاسکے جو مقامی سکھ برادری کے لئے فکر و پریشانی کا باعث بنا ہوا تھا تاکہ اس مسئلہ کا باہمی افہام و تفہیم اور گفت و شنید کے ذریعے پُرامن حل نکالا جاسکے۔

متحدہ مجلس علماء نے یہ بات واضح کی کہ دین اسلام امن و سلامتی، محبت، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کا مذہب ہے اس میں عقائد اور مذہب کے معاملے میں جبر و قہر اور زور زبردستی کی قطعی کوئی گنجائش نہیں ہے بلکہ ہر عاقل، بالغ، مرد و خاتون کو اس نے آزادی مذہب کا اختیار دے رکھا ہے تاہم اگر کوئی بھی فرد بخوشی دلی رضامندی کے ساتھ جبر و قہر کے بغیر اسلام قبول کرتا ہے تو وہ اسکی اپنی مرضی ہے۔

متحدہ مجلس علماء کے وفد نے سکھ  برادری کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے معاملات باہمی آپسی برادری کے ماحول میں خوشگوار طریقے سے حل ہوسکتے ہیں۔ تاہم مجلس نے مزید واضح کیا کہ ہمیں اس طرح کے معاملات میں حد درجہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ کچھ بیرونی عناصر جان بوجھ کر کشمیر میں موجود صدیوں پرانی مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہاں بسنے  والے باشندوں کے درمیان  مذہبی منافرت  پیدا کرکے پھوٹ  ڈالی جائے جس کی ان عناصر کو ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مجلس نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ہم کشمیر کی سکھ برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے دکھ سکھ میں برابر شامل ہیں اور اسلامی تعلیمات کے مطابق یہاں کی اکثریت، اقلیت کی عزت و آبرو کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے عہد بند ہیں۔ سکھ برادری کے مقامی افراد نے مجلس علماء کے اس معاملے میں بھرپور تعاون اور یقین دہانیوں کے لئے شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 940841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش