0
Friday 2 Jul 2021 01:02

بجٹ کے بعد بجلی بند، گیس غائب اور سی این جی ناپید ہوگئی ہے، مشتاق خان

بجٹ کے بعد بجلی بند، گیس غائب اور سی این جی ناپید ہوگئی ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کے بعد بجلی بند، گیس غائب اور سی این جی ناپید ہوگئی ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں یہ سب چیزیں پیدا ہوتی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت  نے پونے 3 سال کے دوران بجلی اور گیس کی پیداوار میں اضافے کی بجائے کمی کی اور اب گرمیوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ یہ وفاقی حکومت کی ناکامی ہے۔ گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کا عوام کے لئے نئے مالی سال کا پہلا تحفہ ہے۔ حکومت نے ایل پی جی 18 روپے 83 پیسے فی کلو، پٹرول 2 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل 1 روپے 44 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا۔ عوام پر مزید مظالم ڈھانے کی بجائے حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے۔ قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور فیصلے کیخلاف احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری اخباری بیان میں کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ  اس نااہل حکومت نے تیل اور ایل پی جی کی قیمتیں پھر بڑھا دیں، عوام دشمن حکومت نے مہنگائی کا ایک اور وار کر دیا ہے، بجٹ کے آفٹر شاکس عوام کو لگنا شروع ہو چکے ہیں، 15 دن میں دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا اور مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ کچن آئٹمز کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کا خون چوس رہی ہے، سلیکٹڈ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، ہمیں ان نااہل اور بے حس حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 941098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش