QR CodeQR Code

اگر رویہ تبدیل نہ کیا گیا تو تا دم مرگ بھوک ہڑتال کی کال دینگے، اپوزیشن کا بڑا اعلان

2 Jul 2021 18:47

اپوزیشن جماعتوں نے بجلی روڈ تھانے میں پریس کانفرنس کی کال دی تو انتظامیہ کیجانب سے میڈیا کو اندر آنے سے روکا گیا۔ اپوزیشن کے ارکان میڈیا سے گفتگو کرنے کیلئے نکلے اور غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کی۔ انکا کہنا تھا کہ اگر یہی رویہ جاری رہا تو تا دم مرگ بھوک ہڑتال کی کال دینگے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اپوزیشن جماعتوں نے بجلی روڈ تھانے کے اندر پریس کانفرنس کی کال دی، جس پر میڈیا ٹیمز اور دیگر صحافی وہاں پہنچے۔ مگر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں پریس کانفرنس سے روکا گیا۔ بجلی روڈ پولیس اسٹیشن پر پولیس اہلکاروں نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے میڈیا کو اندر جانے سے روکا تو اپوزیشن کے ارکان میڈیا سے گفتگو کرنے کے لئے نکلے تو انہیں بھی پولیس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہوا۔ بلآخر بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن جماعتیں صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نکل آئیں اور اپوزیشن ارکان سڑک پر میڈیا سے گفتگو کرنے بیٹھ گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی۔

اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ ہمارے خلاف حکومت نے جو مقدمات درج کئے ہیں یا تو انہیں واپس لے یا پھر ہمیں گرفتار کر لے۔ انہوں نے میڈیا کا راستہ روکنے پر صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت اس وقت جو اقدامات اٹھا رہی ہے، ایسا کسی آمر نے بھی نہیں کیا ہے۔ جمہوریت میں ہر شخص کو احتجاج کا حق حاصل ہے مگر یہاں میڈیا کو روکنے کی کوشش کی گئی، جو ایک غیر جمہوری رویہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا استعمال کرکے سیاسی ارکان کو کو چپ کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے سیاسی امور میں پولیس اور طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں پولیس سیاست میں استعمال ہو رہی ہے، بات یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ پولیس نے نہ صرف میڈیا کو روکا بلکہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کو بھی دھکے دیئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ نے پنجاب سے پولیس اہلکار منگوائے ہیں، تاکہ انہیں اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ رویہ تبدیل نہ کیا گیا تو اپوزیشن جماعتیں اور لیڈرز تا دم مرگ بھوک ہڑتال کی کال دیں گے اور حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ غربت ختم ہو رہی ہے تو یہ سب سے بڑا جھوٹ ہے۔


خبر کا کوڈ: 941189

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/941189/اگر-رویہ-تبدیل-نہ-کیا-گیا-دم-مرگ-بھوک-ہڑتال-کی-کال-دینگے-اپوزیشن-کا-بڑا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org