QR CodeQR Code

اپوزیشن جماعتیں ہر حد پار کر رہی ہیں، جام کمال

2 Jul 2021 21:53

ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے انہیں تھانے نہیں بلایا وہ خود وہاں گئے ہیں اور دھرنا شروع کر دیا، حکومت نے بار بار وفد بھیجی مگر وہ بضد ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اپوزیشن کے بعض اراکین بار بار یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہمیں بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نہ حکومت اور نہ ہی پولیس نے کسی بھی رکن اسمبلی کو تھانے بلایا ہے، بلکہ جب ان کا نام ایف آئی آر میں آیا تو وہ خود تھانے گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے اپنے دھرنے سے تھانے کو جلسہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں لوگ ان سے ملنے آتے جاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے حکومت نے بار بار وفد بھیجا، مگر اپوزیشن بضد ہے، حالانکہ ان کے خلاف ایف آئی آر بھی واپس لے لی گئی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن اور پولیس کے درمیان دھکم پیل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ارکان نے پہلے اسمبلی کے احاطے اور باہر فساد پھیلایا اور اب سڑکوں پر نکل کر بدتمیزی کر رہے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے تھانے کے اندر بھی دھرنا دیا ہے، ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔ جام کمال خان نے کہا کہ اپوزیشن ہر حد پار کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 941225

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/941225/اپوزیشن-جماعتیں-ہر-حد-پار-کر-رہی-ہیں-جام-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org