QR CodeQR Code

آزاد کشمیر، الیکشن میں حصہ لینے والی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ

4 Jul 2021 10:46

جمعہ کو سیکریٹری الیکشن کمیشن سردار محمد غضنفر کی جانب سے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آزادکشمیر نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے 32 سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ کر دیے۔ جمعہ کو سیکریٹری الیکشن کمیشن سردار محمد غضنفر کی جانب سے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ انتخابات میں رجسٹرڈ ہونے والی ممتاز سیاسی جماعتوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے ریجنل چیپٹرز شامل ہیں جنہیں بالترتیب شیر، تیر اور بلّے کے نشان الاٹ کیے گئے۔ آزادکشمیر کی معروف سیاسی جماعتوں میں شامل آل جموں اور کشمیر مسلم کانفرنس (ایم سی)، جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) اور جماعت اسلامی جموں اور کشمیر (جے آئی اے جے کے) کو بالترتیب ان کے پسندیدہ انتخابی نشانات گھوڑا، تلوار اسکیل دیے گئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جموں کشمیر کی کم از کم 25 سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو انتخابی نشان دیے گئے ہیں جن کی مبینہ طور پر آزادکشمیر میں بہت کم یا کوئی نمائندگی ہی نہیں ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ان جماعتوں کے نامزد کردہ امیدوار ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کو پارٹی ٹکٹ کی کاپی دکھانے کے بعد ہی انتخابی نشان دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد اُمیدواروں کو دیگر انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے لیکن وہ دوسری جماعتوں خاص طور پر شیر اور قلم سے مماثلت نہیں رکھتے ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے آزادکشمیر چیپٹر کو بھی انتخابی نشان الاٹ کیا ہے جبکہ آزادکشمیر کے محکمہ داخلہ نے اس جماعت کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 2014ء کے تحت کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 941497

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/941497/آزاد-کشمیر-الیکشن-میں-حصہ-لینے-والی-جماعتوں-کو-انتخابی-نشان-الاٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org