0
Sunday 4 Jul 2021 14:57

اس وقت پورا ملک لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی میں موجودہ حکومت بھی ناکام ہے، سراج الحق

اس وقت پورا ملک لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی میں موجودہ حکومت بھی ناکام ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی ٹوٹ پھوٹ نااہل حکومت کے لیے وینٹی لیٹر کا کام کر رہی ہے۔ مہنگائی، بےروزگاری اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگوں سے مسکراہٹ کوسوں دور چلی گئی۔ عوام دو وقت کی روٹی سے محروم جبکہ حکومت نے بے خبری کی چادر اوڑھ لی ہے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملک کو درپیش چیلنجر بڑھتے جا رہے ہیں۔سیاسی، پارلیمانی اور آئینی بحران شدت اختیار کر رہا ہے ملک وملت کی سلامتی و استحکام، اسلامی نظریہ کی حفاظت، آئینی جمہوری اور پارلیمانی نظام کے اس کی روح کے مطابق نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ مالی سال 2020-21ء کے دوران تجارتی خسارہ میں 34 فیصد اضافہ تشویشناک اور معیشت میں بہتری کے حکومتی دعوﺅں کی نفی ہے۔ جماعت اسلامی اب بہترین آپشن ہے، کارکنان عوامی ایشوز پر حکومت مخالف تحریک کو تیز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنگوٹہ سوات میں ملاکنڈ ایجنسی کے تربیتی اجتماع سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔


امیر جماعت نے کہا کہ یہ امر نوشتہ دیوار بن گیا ہے کہ حکمران اتحادی جماعتوں نے ماضی میں فوجی حکومتوں، پی پی پی، مسلم لیگ (ن) کی ناکامیوں سے سبق لینے کی بجائے ناکارہ، فرسودہ اور ناکام نظام کے تسلسل کو برقرار رکھ کر غریب عوام کی زندگی زیادہ اجیرن اور مٹھی بھر بگڑے اشرافیہ کے وارے نیارے کرا دیئے گئے ہیں۔ موجودہ سیاسی بحرانوں کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کا اسلوب حکمرانی ہے۔ پی ٹی آئی جن مافیاز پر ماضی میں تشویش کا اظہار کرتی تھی، وہی مافیا آج حقیقت میں حکمران ہے۔ بجٹ کی منظوری سے پہلے ہی حکومت نے چینی، آٹا، دال، گھی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے آئی ایم ایف کی خوشنودی اور مافیاز کو نوازا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد کی طرح اپوزیشن جماعتوں خصوصاً سابق حکمران جماعتوں نے بھی اپنی مفاداتی، روایتی سیاسی ٹریک برقرار رکھنے کے لیے منفی سیاسی کردار ہی جاری رکھا، ایسے میں جماعت اسلامی نے سوچ سمجھ کر اپنی سیاسی حکمت عملی بنائی، وقت اور حالات نے اسے درست ثابت کردیا ہے۔ جماعت اسلامی صاف ستھرے کردار اور عوامی خدمت کی مسلسل جدوجہد کے ساتھ پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس وقت پورا ملک لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی میں موجودہ حکومت بھی ناکام ہے۔عوام کے منتخب اداروں کا بنیادی کام قانون سازی ہے لیکن قانون سازی کے عمل کو مضحکہ خیز اور غیرآئینی، غیرپارلیمانی عمل بنا دیا گیا ہے، آرڈیننس کے آئینی اختیار کا بے رحم استعمال قانون سازی کو داغدار اور مشکوک بنا چکا ہے۔ بجٹ اجلاس کے موقع پر قومی اسمبلی اور بلوچستان میں شرمناک واقعات پارلیمانی تاریخ کا سیاہ باب بن گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 941515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش