0
Monday 5 Jul 2021 18:48

اتحاد امت فورم کا 9 جولائی کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان

عبدالرحمان سلفی کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، علامہ سبطین سبزواری
اتحاد امت فورم کا 9 جولائی کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ اتحاد اُمت فورم نے توہین اہلبیت کیخلاف جمعہ 9 جولائی یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا۔ اتحاد امت فورم میں شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین، جامعۃ المنتظر کے علماء اور دیگر شیعہ تنظیمیں شامل ہیں۔ لاہور پریس کلب میں علامہ سبطین سبزواری، علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ امجد علی عابدی، حافظ کاظم رضا نقوی سمیت دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اتحادِ اُمت فورم توہین اہلبیت پر تشویش کا اظہار کرتا ہے اور ہم 9 جولائی بروز جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منائیں گے، ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امام موسیٰ کاظمؑ، امام محمد تقیؑ، امام علی نقیؑ تمام اسلامی مکاتب فکر کے نزدیک قابل احترام شخصیات ہیں، عبدالرحمن سلفی نامی شخص نے مقدس شخصیات کی توہین کی ہے، جس سے پوری امت کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ اہلسنت علماء کی طرف سے ملزم سے اظہار لاتعلقی اور مذمتی بیانات قابل تحسین ہیں، جس پر ہم اہلسنت علماء کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر ملک میں 1980ء اور 1990ء کی دہائیوں کی طرز پر فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توہین رسالت، توہین اہلبیت اور توہین صحابہ کرام کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، کچھ لوگ دہشتگردوں کیخلاف فوجی آپریشن کے ثمرات کو ضائع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں آئمہ جمعہ و جماعت خطبات میں احتجاج کریں گے اور نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ عزاداری کیخلاف سازشیں بند کی جائیں، فورتھ شیڈول میں بانیان مجالس کے نام شامل کرنے کا سلسلہ بھی بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی نامی ملعون بھارتی شہری کی طرف سے جہاد سے متعلق آیات نکال کر قرآن کی اشاعت کلام الٰہی پر حملہ ہے، اس بدبخت کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 941622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش