QR CodeQR Code

پاکستان میں جمہوریت کے دعویدار افغانستان میں طالبان کو سپورٹ کررہے ہیں، ایمل ولی خان

5 Jul 2021 23:14

اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر کا کہنا تھا کہ معصوم انسانوں کو قتل کرنے والے چاہے کسی بھی لبادے میں ہو اور ان کا کسی بھی مذہب یا فرقے سے تعلق ہو دہشتگرد ہیں، افغانستان کی منتخب حکومت کے خلاف بیرونی امداد سے پراکسی کے طور پر لڑنے والوں سے مولانا فضل الرحمان کی اتنی محبت افغان دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی کے لئے جدوجہد کے دعویدار افغانستان میں طالبان کو سپورٹ کررہے ہیں، معصوم انسانوں کو قتل کرنے والے چاہے کسی بھی لبادے میں ہو اور ان کا کسی بھی مذہب یا فرقے سے تعلق ہو دہشتگرد ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس جمہوریت اور جمہوریت پسندی کا کیا کیا جائے جب سٹیج پر کھڑے ہوکر کے افغانستان میں دہشت گردوں کے حملوں کو ”فتوحات“ قرار دیا جائے؟۔ پاکستان میں جمہوریت اور افغانستان میں طالبان کی حکمرانی کے خواب دیکھنے والے منافقت کی آخری حد پر کھڑے ہیں۔ افغانستان کی منتخب حکومت کے خلاف بیرونی امداد سے پراکسی کے طور پر لڑنے والوں سے مولانا فضل الرحمان کی اتنی محبت افغان دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ افغانستان ایک خودمختار ریاست ہے اور سامراجی قوتیں اس کو جنگ کا میدان نہ سمجھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ افغان قوم اپنے وطن کے دفاع کے لئے اپنی منتخب حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور یہی موقع ہے کہ اس فساد کا آغاز کرنے والے ضیاء الحق کی باقیات کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کیا جائے۔  ریاست اور پختون دشمن قوتیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنے کی بجائے افغانستان میں لگی آگ کو مزید بھڑکانے کے درپے ہیں۔ پاکستان کو سمجھنا ہوگا کہ تحریک طالبان افغانستان سے ہمدردی ریاست افغانستان کی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کا موقف روز اول سے بالکل واضح ہے۔ اے این پی ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خلاف ہے۔ افغانستان میں جہاد کے نام پر پچھلی کئی دہا‏ئیوں سے جو ہو رہا ہے، اس کو ہمارے اکابرین نے فساد کہا تھا اور وقت نے ثابت کیا کہ یہ واقعی میں فساد اور پختونوں کی نسل کشی ہے۔


خبر کا کوڈ: 941746

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/941746/پاکستان-میں-جمہوریت-کے-دعویدار-افغانستان-طالبان-کو-سپورٹ-کررہے-ہیں-ایمل-ولی-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org