QR CodeQR Code

ہمارے مسائل کے لئے امریکہ اور یورپ کے حل ناقابل قبول ہیں، مشتاق خان

5 Jul 2021 23:27

سوات میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا کہنا تھاکہ حکمران شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں۔ بات ریاست مدینہ کی کررہے ہیں لیکن قانون سازی امریکہ، یورپ اور بین الاقوامی این جی اوز کے اشارے پر کی جارہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ گھریلو تشدد بل در اصل گھر توڑو بل ہے، اس بل کے پاس ہونے سے معاشرے میں بناؤ کی بجائے بگاڑ پیدا ہوگا، اس قانون کا غلط استعمال ہوگا جس کے نتائج خطرناک اور گھروں کو توڑنے والے ہوں گے۔ ہمارے مسائل کے لئے امریکہ اور یورپ کے حل ناقابل قبول ہیں۔ حکمران شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں۔ بات ریاست مدینہ کی کررہے ہیں لیکن قانون سازی امریکہ، یورپ اور بین الاقوامی این جی اوز کے اشارے پر کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی کالام میں جماعت اسلامی ضلع سوات اور قبل ازیں مرکز اسلامی سنگوٹہ میں جماعت اسلامی ملاکنڈ کے اجتماعات ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سوات کے امیر حمید الحق، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد فاروق اور ملاکنڈ کے امیر مولانا جمال الدین سمیت دیگر ضلعی ذمہ داران موجود تھے۔ مشتاق خان کا کہنا تھا کہ بجٹ فراڈ ہے، اس میں عوام کے لئے کچھ نہیں ہے۔ بجٹ میں مہنگائی کے خاتمے اور معیشت کی بہتری کے لئے کوئی منصوبہ نہیں ہے، خسارے کے بجٹ کے بعد مہنگائی کا بدترین طوفان آنے والا ہے۔ کرپشن کی وجہ سے ملکی ادارے خسارے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے امریکہ کو اڈے نہ دینے کا اعلان کیا لیکن چمن اور طورخم بارڈر پر سامان کی ترسیل جاری ہے۔ بلوچستان میں پاکستان کے راستے افغانستان میں آمد و رفت کے لئے ائر کوریڈور مختص کیا گیا ہے۔ عوام جان لیں کہ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ایک ہیں۔ یہ امریکہ، لوٹ مار اور مغرب کی پارٹی ہے۔ جماعت اسلامی ہر فورم پر اسلام اور شعائر اسلام کا دفاع کرے گی۔ کارکنان بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں تیز کردیں۔ بلدیاتی انتخابات میں صوبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے لئے 26 قوانین پاس کئے لیکن پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی بجائے ڈو مور کا مطالبہ کیا گیا۔ یہ حکومت کی ناکامی ہے۔ بجٹ میں 22 کروڑ پاکستانیوں کی صحت، تعلیم اور دیگر سہولیات کے لئے صرف 900 ارب روپے رکھے گئے ہیں جو اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہیں۔ خسارے میں جانے والے اداروں واپڈا، ریلوے، آئی پی پیز، پی آئی اے اور اسٹیل ملز کو 6200 ارب روپے گرانٹ دی گئی۔ یہ امر افسوسناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 941749

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/941749/ہمارے-مسائل-کے-لئے-امریکہ-اور-یورپ-حل-ناقابل-قبول-ہیں-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org