0
Tuesday 6 Jul 2021 14:31

بلوچستان وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے، فواد چودھری

بلوچستان وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے، فواد چودھری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں "دہشت گردی کا بھارتی نیٹ ورک" کافی حد تک توڑ دیا گیا ہے اور اب حکومت بلوچ قوم پرستوں کے ساتھ بات چیت کا ایجنڈا طے کرے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت 731 ارب کے 131 منصوبے مکمل کرے گی، صرف اس سال صوبائی حکومت کا ترقیاتی پروگرام 180 ارب کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے۔ فواد چودھری کا یہ بیان وزیراعظم عمران خان کے گوادر کے ایک روزہ دورے کے دوران اس بات کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے کہ وہ بلوچستان میں شرپسندوں سے بات کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے پی ٹی آئی حکومت کے دور میں بلوچستان کے لیے جاری کردہ ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔ گوادر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے لیے ایک ہزار 200 ارب سے زائد مالیت کی اسکیمیں رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کیچ میں وائی فائی کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے اور دیگر اضلاع میں بھی یہ سہولت متعارف کرانے کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سطح پر بلوچستان میں کبھی ترقیاتی کام نہیں ہوا، جبکہ یہ کام حکومت بلوچستان کی شراکت کے ساتھ ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز گوادر میں منعقدہ ایک تقریب میں مقامی طلبہ اور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ماضی میں ملک کے سربراہان نے بلوچستان کو وہ توجہ نہیں دی، جو دینی چاہیئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ ہمارے پارلیمانی نظام کے اندر نظر آتی ہے کیوں انہوں نے بلوچستان پر توجہ نہیں دی۔
خبر کا کوڈ : 941880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش