0
Wednesday 24 Aug 2011 18:49

شہید کو کبھی موت نہیں آتی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کے خاتمے کی جدو جہد جاری رکھی جائے گی، سی سی پی او لاہور

شہید کو کبھی موت نہیں آتی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کے خاتمے کی جدو جہد جاری رکھی جائے گی، سی سی پی او لاہور
لاہور:اسلام ٹائمز۔کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہر نے کہا ہے کہ شہید کو کبھی موت نہیں آتی، سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس شہیدوں اور غازیوں کی فورس ہے، اور انشاء اللہ عوام کی مکمل سپورٹ کے ساتھ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی، شہداء کے خاندانوں اور لواحقین کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں شہداء کے تین خاندانوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی جن میں انہوں نے رمضان المبارک اور عید کے حوالے سے مجموعی طور پر ایک لاکھ بیس ہزار روپے کی امدادی رقم تقسیم کی۔
اس موقع پر صدر انجمن تاجران آل پاکستان اردو بازار لاہور خالد پرویز، وائس پریزیڈنٹ انجمن تاجران لاہور نجم القطب، صدر لاہور خواجہ عامر، صدر انارکلی بازار خواجہ زاہد فاروق، جنرل سیکرٹری شاہ عالم مارکیٹ رانا نثار، چیئرمین شاہ عالم بورڈ محمد رفیق بٹ اور جنرل سیکرٹری آل پاکستان رزاق ببر بھی موجود تھے۔ جن شہداء کی فیملیوں میں امدادی رقم تقسیم کی گئی اُن میں شہید ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ، شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد شہباز اور شہید کانسٹیبل آصف ندیم شامل ہیں۔ یہ وہ شہداء ہیں جنہوں نے گزشتہ سال یوم شہادت حضرت علی(ع) کے موقع پر اردو بازار چوک میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ میں جام شہادت نوش کیا۔
سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس کے ان شہیدوں کی عظمت کا کوئی ثانی نہیں جنہوں نے اپنے لہو سے شجاعت کے چراغ روشن کئے، پولیس کے ان غازیوں پر بھی سلام ہے جو برستی گولیوں میں سینہ تان کر کھڑے رہے۔ احمد رضا طاہر نے کہا نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیس کے جوانوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنے خون کے نذرانے دے کر جرات اور شجاعت کی ایک نئی داستان رقم کی ہے۔ سی سی پی او نے کہا کہ مجھے لاہور پولیس کے اُن جوانوں پر فخر ہے جو ہر مشکل کا خندہ پیشانی سے ہر قسم کے خطرات میں بھی اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ انسان اپنے فرض کی ادائیگی کے لئے اپنی جان سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں دے سکتا اور اس ضمن میں لاہور پولیس کو اپنے دلیر جوانوں پر فخر ہے۔ احمد رضا طاہر نے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دنیا و آخرت میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے اور ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ اُن کے مشن کو آگے بڑھایا جائیگا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دہشت گردی سمیت تمام جرائم پیشہ افراد کو عبرت کا نشان بنا دیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 94200
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش