QR CodeQR Code

مغربی سرحدوں پر سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں، جنرل قمر باجوہ

9 Jul 2021 01:16

منگلا کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن افسران سے خطاب میں آرمی چیف کا علاقائی اور سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں بدلتی صورتحال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہیئں، ہمیں کسی بھی صورت میں سہل پسند نہیں ہونا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مغربی سرحدوں پر سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں، ہمیں بدلتی ہوئی صورتحال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہیئں اور کسی بھی صورت سہل پسند نہیں ہونا ہوگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، منگلا پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں، تربیتی، انتظامی امور سمیت کور کے زیر اہتمام جاری وار گیمز پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے وار گیمز میں آپریشنل منصوبہ بندی اور چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی کو سراہا اور اسٹرائیک کور فارمیشن کے مستقبل سے متعلق تربیتی امور کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے گیریژن افسران سے خطاب میں علاقائی اور سکیورٹی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بدلتی صورت حال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہیئں، ہمیں کسی بھی صورت میں سہل پسند نہیں ہونا ہوگا۔ جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کر رہا ہے، مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ اور سکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام میں تمام رینکس نے سول انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایس او پیز پر عمل یقینی بنانا ہوگا، کورونا وبا کے مکمل خاتمے تک احتیاط ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 942381

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/942381/مغربی-سرحدوں-پر-سکیورٹی-انتظامات-ناگزیر-ہیں-جنرل-قمر-باجوہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org