QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ بلوچستان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک کی میڈیا سے گفتگو

9 Jul 2021 17:18

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں شخصیات کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کھیل کو فروغ دینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں زیادہ سے زیادہ مقامی کھلاڑیوں کو لایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر اور بلوچستان میں محکمہ کھیل کے سیکرٹری عمران گچکی نے ایک ایم او یو پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے مطابق یہ طے پایا ہے کہ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ اور مقامی کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے کام کیا جائے گا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور سپورٹس ایونٹس کے انعقاد میں تعاون فراہم کریگی۔ حکومت بلوچستان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ملکر سرگرمیوں کو آگے لائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کرکٹ کے میدان میں بلوچستان کو متعارف کرایا۔ گذشتہ سال کورونا کی وجہ سے دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ بھی متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے مگر مواقع کی ضرورت ہیں، اسی لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ مل کر کرکٹ اکیڈمی بنا رہے ہیں۔ حکومت گوادر اسٹیڈیم میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلے کا انعقاد کرے گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر تنقید ہو رہی تھی مگر اب ازالا کیا جائیگا۔ ٹیم میں بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ باصلاحیت کرکٹرز شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ کے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دیں، ٹیم کیلئے مزید پندرہ لڑکے کوئٹہ سے لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اسپورٹس کیلئے سب سے زیادہ کام ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال اور وزیراعظم عمران خان سپورٹس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، بہت جلد کوئٹہ کا کھلاڑی دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی ٹیم کے اخراجات میں حکومت اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فٹی فٹی کی پارنرشب ہے۔


خبر کا کوڈ: 942459

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/942459/وزیراعلی-بلوچستان-اور-کوئٹہ-گلیڈی-ایٹرز-کے-مالک-کی-میڈیا-سے-گفتگو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org