QR CodeQR Code

حضرت موسیٰ علیہ السلام اور فرعون کے قصے میں بہت عبرتیں ہیں، علامہ ریاض نجفی

9 Jul 2021 19:55

لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ کے صدر کا کہنا تھا کہحضرت موسیٰ علیہ السلام مسلسل آزمائشوں کا شکار رہے۔ مظلوم کی حمایت کی تو غیر ارادی طور پر ان کے مکے سے آدمی مر گیا۔ انہوں نے اللہ سے مغفرت طلب کی، اللہ نے معاف کر دیا۔ لیکن انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ مومن آل فرعون نے انہیں خبر دی تو شہر سے خوف کے عالم میں نکلے۔ حضرت شعیب علیہ السلام کی بیٹیوں کی بکریوں کو پانی پلانے میں مدد کی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے علی مسجد جامعہ المنتظر لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام اور فرعون کے قصے میں بہت عبرتیں ہیں۔ فرعون حد درجہ متکبر اور سر کش تھا۔ قوم کو تقسیم کر دیا تھا۔ خدائی دعویٰ کیا لیکن اللہ نے اپنی تدبیر اور حکمت سے اس کے غرور و تکبر کو خاک میں ملا کر احساس دلایا کہ میرا ارادہ اٹل اور غالب ہوتا ہے۔ فرعون جس بچے کو دنیا میں نہیں آنے دینا چاہتا تھا وہ اسی کے گھر میں پلا بڑھا۔ تمام کوششوں کے باوجود حضرت موسیٰ ؑکی والدہ کے شکم کے آثار بھی معلوم نہیں کیے جا سکے۔ شیر خوارگی کے عالم میں تنور میں ڈالا گیا تو آگ باغ بن گئی۔ حکمِ خدا سے ماں نے انہیں صندوق میں بند کر کے دریا میں ڈال دیا۔ کسی اور عورت کا دودھ نہ پیا تو اللہ نے اپنی ماں کے دودھ پلانے اور قریب رہنے کا انتظام کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام مسلسل آزمائشوں کا شکار رہے۔ مظلوم کی حمایت کی تو غیر ارادی طور پر ان کے مکے سے آدمی مر گیا۔ انہوں نے اللہ سے مغفرت طلب کی، اللہ نے معاف کر دیا۔ لیکن انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ مومن آل فرعون نے انہیں خبر دی تو شہر سے خوف کے عالم میں نکلے۔ حضرت شعیب علیہ السلام کی بیٹیوں کی بکریوں کو پانی پلانے میں مدد کی۔ جب حضرت شعیبؑ نے بلایا تو اس قدر احتیاط کی کہ خود آگے چلے اور لڑکی کو اپنے پیچھے چلنے کا کہا جبکہ ان کے گھر کا راستہ تو نہیں دیکھا تھا۔اس لئے آگے چلے تاکہ لڑکی کے جسم پر نگاہ نہ پڑے۔ حضرت شعیب ؑنے بکریوں کے کاروبار میں انہیں شریک بنایا۔ بیٹی کا رشتہ دیا۔ چند سال بعد اردن کے قریب مدین کی طرف جاتے ہوئے ایک نور کی چمک دیکھی، کوہ طور پر تشریف لے گئے تو نبوت ملی۔
 


خبر کا کوڈ: 942486

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/942486/حضرت-موسی-علیہ-السلام-اور-فرعون-کے-قصے-میں-بہت-عبرتیں-ہیں-علامہ-ریاض-نجفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org