0
Saturday 10 Jul 2021 02:32

ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملک بھر میں یوم عظمت اہلیبیت منایا گیا، جنوبی پنجاب بھر میں ریلیاں 

ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملک بھر میں یوم عظمت اہلیبیت منایا گیا، جنوبی پنجاب بھر میں ریلیاں 
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک بھر میں"یوم عظمت اہلبیت منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عظمت اہلبیت کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، کارکنان اور سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ ملتان میں نماز جمعہ کے بعد مرکزی امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہاراں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی،علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ سلطان نقوی، مولانا وسیم عباس معصومی، انجینیئر سخاوت علی سیال، مولانا عمران ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، سید اقبال مہدی زیدی، فخر نسیم اور حسنین بخاری نے کی۔ریلی میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ علامہ اقتدار نقوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استعماری طاقتیں وطن عزیز کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے آئے روز ایک نیا فتنہ کھڑا کر دیتی ہیں جس کا مقصد مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کر کے مذہبی منافرت کو ہوا دینا ہے۔ ملک دشمنوں کے ایسے ناپاک عزائم ملکی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں، مختلف مکاتب فکر کو ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنے کے لیے سازشوں کا جو جال بنا جا رہا ہے ریاست کو اس کا اداراک کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ محرم کی آمد کے ساتھ ہی بھائی چارے کی فضا خراب کرنے کے لیے یہود ونصاری کے آلہ کار متحرک ہو چکے ہیں۔مذہبی لبادوں میں چھپے  تکفیری عناصر کے خلاف اگر ریاست نے کارروائی نہ کی تو ملک کے اندر خانہ جنگی کی آگ بھڑک سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقدسات پر کسی کو انگلی اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ امام موسی کاظم علیہ السلام اور خاندان رسالت کی دیگر شخصیات کے خلاف گستاخانہ کلمات ادا کرنے والوں کے خلاف ریاست خود مدعی بن کر توہین رسالت کے مقدمے کا اندراج کرے اور قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔ اس موقع پر رونق عباس نقوی، محمد رضا مومن، عاشق جوئیہ، قاسم علی یوسف، غلام حسنین انصاری، ملک عمران، مرزا سجاد حسین، جاوید حسینی اور دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 942544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش