QR CodeQR Code

اترپردیش کے پنچایتی انتخابات میں خواتین کیساتھ بدسلوکی و تشدد شرمناک ہے، کانگریس

10 Jul 2021 15:00

کانگریس کی ریاستی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے بھی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ایک خاتون کو نامزدگی کیلئے جانے سے زبردستی روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اسکے ساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش میں بلاک پرمکھ کے انتخابات میں نامزدگی کے دوران خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے پیش نظر مودی حکومت پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اترپردیش میں افراتفری کا ماحول ہے۔ راہل گاندھی نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا کہ اترپردیش میں ’تشدد‘ کا نام تبدیل کرکے ’ماسٹر اسٹروک‘ رکھ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر کی کٹنگ بھی پوسٹ کی ہے کہ جس میں لکھا ہے ’’اترپردیش میں سہ مرحلہ پنچایتی انتخابات کے تحت بلاک پرمکھوں کے چناؤ میں آٹھ جولائی کو کاغذات نامزدگی کے دوران کنوج، لکھیم پور کھیری، سیتا پور اناؤ گورکھپور سے تشدد اور خواتین کے ساتھ زیادتی و بدسلوکی ہوئی‘‘۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ چند برس قبل ایک آبروریزی کی متاثرہ نے بی جے پی کے ’ایم ایل اے‘ کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ پھر متاثرہ اور اس کے کنبہ کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک عورت کی نامزدگی روکنے کے لئے بی جے پی نے تمام حدیں پار کر دیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی وہی ہے اور سلوک بھی وہی ہے۔ کانگریس کی ریاستی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے بھی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ایک خاتون کو نامزدگی کے لئے جانے سے زبردستی روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کے ساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 942655

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/942655/اترپردیش-کے-پنچایتی-انتخابات-میں-خواتین-کیساتھ-بدسلوکی-تشدد-شرمناک-ہے-کانگریس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org