QR CodeQR Code

پورا ملک مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، محمد جاوید قصوری

10 Jul 2021 19:51

اپنے ایک جاری ہونیوالے بیان میں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دعوے تو بلند و بانگ کرتے ہیں مگر انکی ٹیم میں اہلیت و صلاحیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ جب تک لٹیروں کا راستہ نہ روکا گیا، اسوقت تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے بار بار دعوﺅں اور وعدوں کے باوجود مافیا کسی کے کنٹرول میں نہیں آرہا۔ شوگر مافیا 230 ارب روپے اضافی عوام کی جیبوں سے نکال چکا ہے۔ حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے 40 کروڑ روپے اضافی منافع مالکان کی جیبوں میں ڈال دیا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی مشکلات کا ٹھیک طرح سے ادراک ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جب سے تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کا نعرہ لگا کر بر سر اقتدار آئی ہے، اس وقت سے ہی ہر شعبہ تباہ حال اور عوامی مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ یہاں ہر روز ایک نیا بحران جنم لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک چور، لٹیرے اور کرپٹ افراد اسمبلیوں میں اور کابینہ کا حصہ ہیں، اس وقت تک مافیا کے ظلم سے نجات حاصل نہیں ہوسکتی۔ عوام بدحال اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ وزیراعظم دعوے تو بلند و بانگ کرتے ہیں، مگر ان کی ٹیم میں اہلیت و صلاحیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ جب تک لٹیروں کا راستہ نہ روکا گیا، اس وقت تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ نالائق حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں کی طرح عبرتناک ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد پاکستان لایا جائے۔ دیار غیر میں آباد پاکستانی ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، ان کو بے یار و مددگار چھوڑنا المیہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 942709

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/942709/پورا-ملک-مافیا-کے-رحم-کرم-پر-چھوڑ-دیا-گیا-ہے-محمد-جاوید-قصوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org