0
Saturday 10 Jul 2021 23:48

افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغان عوام کی سپر طاقتوں کو شکست دینے کی ہیٹرک ہے، سراج الحق

افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغان عوام کی سپر طاقتوں کو شکست دینے کی ہیٹرک ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سونامی کا دور ختم ہو رہا ہے، اب فلاحی مملکت کا دور آئے گا۔ انتخابی اصلاحات کا مکمل پیکیج سیاسی جماعتوں کو بھیج دیا۔متناسب نمائندگی کا اصول اپنا کر ہی جمہوریت کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ شفاف انتخابات کے بغیر چارہ نہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بھرپور تحریک چلارہے ہیں، حلقہ جاتی سطح پر عوام کو منظم کیا جائے گا، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے عام شخص کی زندگی مسائل کا انبار بن چکی ہے، جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اسلامی حکومت کا کام صرف سزائیں دینا نہیں بلکہ ایک ایسے نظام کا قیام ہے جس میں ریاست کے ہر شہری کو اس کا حق ملے، اسلامی نظام میں شہریوں کو بلاامتیاز صحت اور تعلیم کی سہولتیں میسر ہوں گی، قانون امیر و غریب کے لیے یکساں اور انصاف دہلیز پر ملے گا۔ ملک کو قرضوں کے چنگل سے آزادی ملے گی اور زکوة و عشر کی بنیاد پر معیشت مستحکم کر کے ملک کو عظیم سلطنت بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر لیاقت بلوچ، امیر شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سراج الحق نے کہاکہ ملک کی معیشت مکمل طور پر آئی ایم ایف کے کنٹرول میں ہے، وزیراعظم اقتدار میں آنے سے پہلے کہا کرتے تھے کہ بھیک اور قرضوں سے ملک نہیں چلایا جاسکتا اب روز کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کی مدد کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ پی ٹی آئی نے قوم سے کیے گئے ہر وعدے سے فرار اختیار کیا۔ گزشتہ تین سال میں پورے شدومد سے سابقہ ادوار کی پالیسیوں کو جاری رکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مدینہ ریاست کا ماڈل اپنانا ہے تو مافیاز، کرپٹ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو حکومتی ایوانوں سے الگ کرنا ہوگا۔ دیانتدار اور قابل قیادت ہی اسلام کے زریں اصولوں پر مبنی نظام قائم کرسکتی ہے، ملک میں پرامن جمہوری اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغان عوام کی سپر طاقتوں کو شکست دینے کی ہیٹرک ہے۔ امریکی صدر کا یہ بیان کہ آئندہ امریکی نسلوں کو نہ جیتنے والی جنگ میں نہیں دھکیل سکتا مکمل اعتراف ہے کہ افغانیوں کے جذبہ ایمانی و جذبہ حریت کو کبھی شکست نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اور فلسطینی عوام کے حوصلے بھی بلند ہیں اور وہاں بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کشمیر پر پاکستانی حکمرانوں کی مسلسل خاموشی پر بھی تعجب و افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کشمیری و فلسطینی عوام کو یقین دلایا کہ اسلامیان پاکستان ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 942753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش