0
Sunday 11 Jul 2021 11:24

آزادکشمیر الیکشن، 45 حلقوں کے 724 امیدواران کی حتمی فہرست جاری

آزادکشمیر الیکشن، 45 حلقوں کے 724 امیدواران کی حتمی فہرست جاری
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے 724 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی ہے، 25 جولائی کو 45 انتخابی حلقوں میں یہ امیدوار الیکشن لڑیں گے۔ راجہ فاروق خان، سردار یعقوب اور چوہدری یاسین دو دو حلقوں سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے 45 انتخابی حلقوں میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کر دی۔ آزادکشمیر کے 33 حلقوں سے 602 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کریں گے جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں 122 امیدوار حصہ لیں گے۔ نواز لیگ نے 45 میں سے 44 حلقوں میں امیدوار اتارے ہیں۔ وزیراعظم فاروق خان چکار اور لیپہ کے دو انتخابی حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود میرپور جبکہ تنویر الیاس باغ سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔پیپلز پارٹی کے صدر لطیف اکبر کھاوڑہ مظفرآباد سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین پی پی پی کے ٹکٹ پر کوٹلی میں دو حلقوں سے آئندہ پانچ سال کے لئے سیاسی قسمت آزمائی کریں گے۔ اسپیکر شاہ غلام قادر نیلم، سینئر وزیر طارق فاروق بھمبر جبکہ امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی باغ سے الیکشن لڑیں گے۔

سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان راولاکوٹ کے دو حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق دھیر کوٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) آزادکشمیر کو سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹرڈ کر کے اسے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی، اس پارٹی کو ”مکا“ انتخابی نشان جاری کر دیا گیا ہے۔ آزادکشمیر میں 32 لاکھ 20 ہزار 546 رائے دہندگان 25 جولائی کو پانچ سال کے لئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ ان انتخابات میں پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نواز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہو گا جبکہ مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت کی وجہ سے ان کے امیدوراروں کو دیگر جماعتوں کے امیدواروں پر برتری حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ : 942807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش