0
Sunday 11 Jul 2021 14:29

پاکستان کو لادینیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، لیاقت بلوچ

پاکستان کو لادینیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں 32 انتخابی حلقوں میں جماعتِ اسلامی کے امیدوار نوجوانوں، خواتین اور کارکنان کیساتھ مل کر بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں، پرانے پاکستان کی طرح نئے پاکستان میں بھی آزاد کشمیر کے انتخابات آزادانہ اور مداخلت سے پاک نہیں۔ جماعت اسلامی لاہور کی سیاسی کمیٹی کے اعزاز میں دیئے گئے ناشتے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ  نے مزید کہا کہ مال و دولت کے بل بوتے پر وفاداریاں تبدیل کرانے کا مکروہ کھیل جاری ہے، دھڑلے سے انتخابی دھاندلی کی جا رہی ہے اور اسلام آباد کے حکمران شفاف انتخابات کے ہوائی دعوے کر رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 100 دن میں حالات بدل دینے کا دعویٰ کیا لیکن 1100 دنوں میں تبدیلی اب بدنامی اور رسوائی بن گئی ہے، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی بجائے سکیورٹی اسٹیٹ اور لادینیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کے دورِ اقتدار میں ریاستِ مدینہ کا نظام دینے کی بجائے وقف املاک ایکٹ، خاندانی نظام توڑنے کا سرکاری قانون، نصابِ تعلیم میں لادینیت مسلط کر دی گئی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست و پارلیمنٹ کو تلخی، انتہا پسندی، بدتہذیبی کے زہر کا شکار کرکے قومی مزاج کو برباد کر دیا گیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے سیاست کو عوام کی نظروں میں بے وقعت اور بے وقار بنا دیا ہے، قومی بجٹ کے بعد بجلی، تیل، گیس، ٹیکسوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے، کرپشن، رشوت، اقربا پروری کے ذریعے غریب عوام کو ڈسا جا رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عملاً ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، جماعتِ اسلامی امانت، دیانت، عوام کی بے لوث خدمت اور پورے ملک سے بااعتماد، اہل، دیانت دار ماہرین کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نجات دلائے گی۔ تقریب میں لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی الیکشن اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 942841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش