0
Sunday 11 Jul 2021 15:38

اڈے نہ دینے کا فیصلہ اٹل، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتی، شیخ رشید

اڈے نہ دینے کا فیصلہ اٹل، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتی، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اسحمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صرف پی ٹی آئی اور پاک فوج قومی ہیں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی وفاق، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں برسراقتدار ہے، اب جلد ہی آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، ملک میں صرف دو ہی چیزیں قومی ہیں، ایک تحریک انصاف قومی جماعت ہے اور دوسری پاک فوج قومی ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں اور قوم فوج کے ساتھ ہیں۔ قوم ملک کی سلامتی کے لیے فوج اور عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا، خطے میں تجارت ممکن نہیں، اگر چین ایران میں 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات ہو رہی ہے، یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغانستان میں امن نہ ہو، اس خطے کی سیاست بدلنے جا رہی ہے، افغان جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہوگا، افغانستان میں نئے طالبان جنم لے چکے ہیں یہ وہ طالبان وہ نہیں جو بندوق سے فیصلہ کرتے تھے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے 1979ء سے لے کر آج تک افغانستان میں دہشتگردی کو منظم کیا، بھارت کی افغانستان میں جگ ہنسائی ہوئی ہے، بھارت نے ہر جگہ پاکستان کے خلاف صرف پروپیگنڈا کیا، ہم افغانستان میں امن کے لیے دنیا کے ساتھ ہیں، پاکستان اب افغانستان کے خلاف کوئی اڈا نہیں دے گا، پاکستان پر کوئی دباؤ نہیں، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں نظرانداز نہیں کرسکتی، ہمارے بغیر کسی کی دال نہیں گل سکتی۔ اب افغانستان سے صرف 2 بارڈر چمن اور طور خم کھلے رہیں گے۔ کشمیر کی انتخابی مہم میں وزیر اعظم پر کی جانے والی تنقید کے سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم اور بلاول کی جماعتیں آزاد کشمیر میں الیکشن ہارنے جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے وہ دھاندلی کا شور کر رہے ہیں، مریم اور بلاول بھٹو زرداری بےہودہ زبان کا استعمال کر رہے ہیں، مریم نواز غیر ذمہ دارانہ زبان استعمال کر رہی ہیں، انہیں اپنے لب و لہجے پر غور کرنا چاہیئے۔ بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ دورہ امریکا پر شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سی وی میں کچھ بھی نہیں، پاکستان میں بلاول بھٹو زرداری کی سی وی میرے پاس ہے، ان کی وجہ سے سیاست میں رونق ہے۔
خبر کا کوڈ : 942847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش