0
Monday 12 Jul 2021 09:03

امریکہ کیساتھ دوستی کا معیار سی پیک کا خاتمہ ہے،مولانا فضل الرحمان

بلاول بھٹو نے امریکہ جانے سے متعلق مجھ سے مشورہ نہیں، سربراہ جے یو آئی
امریکہ کیساتھ دوستی کا معیار سی پیک کا خاتمہ ہے،مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ حکومت چار پوائنٹ پر لائی گئی ہے، جس میں اسرائیل کو تسلیم کرنا، تحفظ ناموس رسالتﷺ قانون کو ختم کرنا، سی پیک کا خاتمہ اور  قرآن و سنت کیخلاف بل لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائلنس بل اسلامی اقدار کیخلاف ہے، جنرل مشرف کے دور میں ہمارا جسم ہماری مرضی، عورت کے حقوق کی باتیں کی گئیں، یہ مغرب کی نقالی کرتے ہیں جبکہ دین اسلام عورت اور بچوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، اس قسم کی قانون سازی ہم نہیں کرنے دیں گے۔
 
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو باصلاحیت ہونا چاہیے، عمران خان اور اس کے ساتھیوں میں کوئی بھی صلاحیت موجود نہیں، عالمی مالیاتی اداروں امریکہ اور یورپ کے محتاج ہو چکے ہیں کہ ہم اپنے معدنی خزانوں کو استعمال میں نہیں لا سکتے، نواز شریف ہو یا زرداری، ہم ان کیساتھ ملکی استحکام اور سالمیت پر کسی قسم کی سودا بازی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ پاکستان کے حکمرانوں کا قبلہ امریکہ ہے، ہماری معیشت پرآئی ایم ایف، ورلڈ بینک اورایف اے ٹی ایف نے قبضہ کررکھا ہے، ہمیں آئے روز قرضوں میں دھکیلتے ہیں اور ہمیں اپنے اثاثے گروی رکھنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ملک کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ پر لائے تھے لیکن موجودہ حکمرانوں نے اسے دوبارہ اس میں داخل کر دیا ہے اور اس کیلیے قانون سازی بھی کر لی۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں کبھی بھی الیکشن آزادانہ طور پر نہیں ہوئے ان میں بیوروکریسی اور فوج مداخلت کرتی ہے، فوج کو سرحدوں پر دیکھنا چاہتے ہیں، ان کا کام پولیس کیساتھ کھڑا ہونا نہیں، فوج ہمارے لئے قابل احترام اور محترم ہے اور اس کا کام ملکی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کیساتھ دوستی کا معیار سی پیک کا خاتمہ ہے، بلاول بھٹو نے امریکہ جانے سے متعلق مجھ سے مشورہ نہیں کیا، اگر پیپلز پارٹی  اپنی غلطی کا احساس کر لے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے، آزادانہ انتخابات کیلئے ہر پاکستانی کو اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ مولانا فضل الرحمان نے ز لفی بخاری کے اسرائیل سے رابطوں کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ منافقت ہے۔
خبر کا کوڈ : 942946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش