0
Monday 12 Jul 2021 17:55

بھارت کی مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلیاں گرنے سے 60 سے زائد افراد ہلاک

بھارت کی مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلیاں گرنے سے 60 سے زائد افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ اترپردیش، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 60 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اترپردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے 41 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ راجستھان میں 8 بچوں سمیت 25 افراد کی موت ہو گئی، وہیں مدھیہ پردیش میں بھی دو افراد کی موت کی خبر ہے۔ ریاست اترپردیش کے کئی اضلاع میں آسمانی بجلی کے قہر سے کل 41 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ کانپور ڈویژن میں 18، پریاگراج میں 13، کوشامبی میں 4 اور آگرہ میں 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 30 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بجلی گرنے سے سب سے زیادہ نقصان کانپور ڈویژن میں ہوا ہے۔

کانپور دیہی علاقوں کی تحصیل بھگنی پور کے مختلف گاؤں میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وہیں گھاٹم پور میں ایک، ضلع فتح پور میں سات اور ہیرپور کے گاؤں میں دو افراد کی موت ہو گئی۔ باندا کوتوالی کے علاقہ موتیاری گاؤں میں ایک 13 سالہ بچی اور انناؤ کے گاؤں سرائے بیدرا میں دو بچوں کی جان چلی گئی۔ گھاٹم پور میں 38 مویشیوں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔ پریاگراج میں گرج چمک کے ساتھ ہونیوالی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ اسی دوران راجستھان میں بھی مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث چار مختلف مقامات پر دردناک حادثات پیش آئے، جن میں 25 افراد کی موت ہو گئی۔ جے پور کے عامر میں آسمانی بجلی گرنے سے 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 943013
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش